سعودی عرب نے مزید 10 ہزارپاکستانیوں کوحج کی اجازت دیدی

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستانی عازمین حج کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کی خصوصی درخواست کی تھی ، سعودی حکام نے پاکستان کی خصوصی درخواست قبول کرتے ہوئے پاکستان کیلئے حج کوٹے میں توسیع کی منظوری دیدی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 11 اپریل 2025 16:01

 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل 2025)سعودی عرب نے مزید 10 ہزارپاکستانیوں کوحج کی اجازت دیدی، وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پرنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستانی عازمین حج کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کی خصوصی درخواست کی تھی جس پرسعودی عرب سے پاکستانی عازمین حج کیلئے بڑی خوشخبری آگئی،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی کوششوں سے سعودی عرب نے پاکستان کیلئے مزید 10 ہزار حجاج کرام کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیاہے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان نے عازمین حج کیلئے حج کوٹے میں اضافے کی خصوصی درخواست کی جسے سعودی حکام نے قبول کرتے ہوئے پاکستان کےلئے حج کوٹے میں توسیع کی منظوری دی۔یہ درخواست ان شہریوں کیلئے کی گئی جو حج کی مقررہ آخری تاریخ گزر جانے کے بعد رجسٹریشن نہیں کرا سکے تھے۔

(جاری ہے)

سعودی حکام نے پاکستان کی خصوصی درخواست قبول کرتے ہوئے پاکستان کیلئے حج کوٹے میں توسیع کی منظوری دے دی۔

وزارت اطلاعات کے حکام کا بتانا ہے کہ سعودی حکومت اس فیصلے کے بعد مزید 10 ہزار پاکستانی شہری حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔یہ اقدام دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان قریبی تعلقات، باہمی تعاون اور پاکستانی عوام کیلئے سعودی عرب کی خصوصی توجہ کا عملی اظہار ہے۔ اس اقدام کے بعد مزید پاکستانی شہری حج 2025کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب نے پاکستان سمیت 14ممالک پر عارضی ویزہ پابندی عائد کی تھی۔

سعودی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ رواں حج سیزن کے دوران پاکستان سمیت 14 ممالک کے عمرہ، کاروباری اور فیملی ویزوں پر پابندی عائد رہے گی۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن کے دوران ان ممالک کو عمرہ، بزنس اور فیملی ویزے جاری نہیں کئے جائیں گے تاہم سفارتی ویزے، اقامتی اجازت نامے، اور حج سے متعلق مخصوص ویزے کو استثنیٰ حاصل دیا گیا تھا۔

پابندی جون کے وسط تک برقرار رہے گی۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ پابندی ممالک پر پابندی بھارت، بنگلادیش، مصر، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس، یمن اور پاکستان پر عائد کی گئی تھی۔بیان میں نئے قواعد و ضوابط کی پابندی پر زور دیتے ہوئے کہا گیاتھا کہ مہلت کے بعد اگر ان ممالک کے شہری عمرہ، بزنس یا فیملی ویزے پر سعودی عرب میں موجود پائے گئے تو پانچ سال کی سفری پابندی عائد ہوسکتی تھی۔