اپوزیشن اور بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں، خیرمحمد ترین

ہفتہ 12 اپریل 2025 22:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کوئٹہ ڈویژن کے صدر خیر محمد خان ترین نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے استحکام کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ نا قابل فرامو ش ہیں اپوزیشن اور بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ پارٹی پر تنقید کرنے والے تاریخ سے نابلد لوگ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر احسان افغان، عبدالجبار، سمیع بڑیچ، وڈیرہ انور بنگلزئی، نجیب ناصر، جیلانی شاد، نصیب اللہ شاہوانی ، ولی محمد وردگ، نعمت لالہ سمیت دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے جمہوریت اور قانونی کی بالادستی کیلئے جو قربانیاں دی ہیںوہ روز روشن کی طرح سب کے سامنے عیاں ہے سب سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسے لیڈر کی قربانی دی ہے جس نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور پاکستان کو 73 کا آئین دیا۔

(جاری ہے)

پارٹی قائد نے پھانسی کا پھندہ قبول کیا ۔ محترمہ بے نظیر بھٹو اسلامی ممالک کی پہلی خاتون وزیر اعظم رہی۔ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہمیشہ مسائل پیدا کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی لیڈر شپ شہید ہوتی گئی ہیں کسی کی بھی طبی موت نہیں ہوئی جیالوں کی شہادتوں کی ایک طویل فہرست ہے محترمہ کی شہادت پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور مارشل لاء کا مقابلہ کیاتمام اختیارات وزیر اعظم کو منتقل کئے اٹھارویں ترمیم پاس کرکے خیبر پختونخوا کو پہچان دیا بلوچوں سے معافی مانگی بلوچستان پیکج کے تحت 5 ہزار لوگوں کو روزگار دیا۔

این ایف سی ایوارڈ منظور کروایا۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کی مخالف کی ہے اور جمہوری نظام قانون کی حکمرانی کے لئے ہمیشہ کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور سیاسی پارٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نفرت کی سیاست کو ختم کرکے پاکستان اور بلوچستان کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سیاسی رہنماء بلوچستان کے موجودہ حالات میں ذاتی ،گروہی اور پارٹی مفادات سے بالاتر ہوکر بلوچستان کے مسائل کا مستقل حل نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔