جی ڈی اے سندھ میں کارپوریٹ فارمننگ کے نام پر سندھ کی زمینیں نیلام کرنے کی پہلے ہی دن سے سخت مخالف ہے، ڈاکٹر صفدر علی عباسی

سندھ کی زمینیں کارپوریٹ فارمننگ کے نام پر غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایاداروں کو فروخت کرنے کو سندھ دھرتی سے غداری تصور کرتی ہے، سیکریٹری جنرل گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس

ہفتہ 12 اپریل 2025 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے کہا ہے کہ جی ڈی اے سندھ میں کارپوریٹ فارمننگ کے نام پر سندھ کی زمینیں نیلام کرنے کی پہلے ہی دن سے سخت مخالف ہے اور سندھ کی زمینیں کارپوریٹ فارمننگ کے نام پر غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایاداروں کو فروخت کرنے کو سندھ دھرتی سے غداری تصور کرتی ہے - ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے مطالبہ کیا ہے کہ زرداری لیگ کی حکومت فوری طور پر سندھ میں لاکھوں ایکڑ زمین غیر قانونی الاٹمنٹ منسوخ کرکے سندھ دھرتی کے ساتھ انصاف کرے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت سے مل کر سندھ کی زمینوں کی بندر بانٹ کرنا چاہتی ہے اور اس ضمن میں سندھ حکومت نے تھر پارکر ، عمرکوٹ ، ٹھٹہ ، بدین ، خیرپور سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں ہزاروں ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کی ہے ، جس کو سندھ کی عوام کبھی بھی قبول نہیں کرے گی ، کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر سندھ اور پنجاب کی زمینیں الاٹ کرنے اور انہیں زرعی پیداوار کے لائق بنانے کے لیے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت دریائے سندھ سے غیر قانونی کینال نکالنا چاہتی ہے ، جس کے خلاف سندھ کا بچہ بچہ سراپا احتجاج ہے ، جی ڈی اے کے رہنما نے مزید کہا کہ جب تک سندھ کا جوان زندہ ہیں وہ سندھ کی زمین اور پانی کی ھر طرح سے حفاظت کریں گے اور سندھ دشمن منصوبوں کو ناکام بنا دینگے انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے اور دریائے سندھ بچایو تحریک میں شامل سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنما اور کارکنان مسلسل سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے دھرنے ریلیاں اور جلسے کرنے کی جدوجہد کو اب مزید تیز کریں گے