غزہ میں اسرائیلی محاصرے سے قیامت خیز قحط: 60 ہزار بچے فاقہ کشی کا شکار

اقوام متحدہ نے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کا مطالبہ کردیا

اتوار 13 اپریل 2025 15:40

ْغزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء) اقوام متحدہ نے غزہ میں انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی محاصرے کے باعث خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور 5 سال سے کم عمر کے 60 ہزار بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔عالمی میڈیا نے بتایاکہ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کے مطابق غزہ قحط کے دہانے پر ہے، جہاں بیکریاں بند ہو چکی ہیں، امدادی قافلے روکے جا رہے ہیں، اور بھوک تیزی سے پھیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

اونراکی ڈائریکٹر جولیٹ توما نے کہا، تمام بنیادی اشیا ختم ہو رہی ہیں، بچے بھوکے سو رہے ہیں۔یہ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوئی جب 18 مارچ کو اسرائیلی فوج نے جنگ بندی توڑ کر دوبارہ حملے شروع کر دیے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 2 مارچ کے بعد سے امدادی قافلوں کی رسائی تقریبا بند ہو چکی ہے، جس سے اسپتالوں کو ایندھن، خوراک کی تقسیم اور امدادی کارکنوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔اقوام متحدہ کی مشرق وسطی کے لیے خصوصی رابطہ کار سگرڈ کاگ نے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کے تحت امداد کی فراہمی کا پابند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات نہ صرف عام شہریوں بلکہ فلسطینی امدادی کارکنوں کے لیے بھی خوفناک ہو چکے ہیں۔