پاکستان نے ایران میں قتل ہونے والے 8 شہریوں کی شناخت کیلئے قونصلر رسائی مانگ لی

پاکستان کی قیادت اور عوام واقعے پر دکھ اورغم میں مبتلا ہیں، وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے؛ ترجمان دفتر خارجہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 اپریل 2025 20:35

پاکستان نے ایران میں قتل ہونے والے 8 شہریوں کی شناخت کیلئے قونصلر رسائی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2025ء ) پاکستان نے ایران میں قتل ہونے والے 8 شہریوں کی شناخت کیلئے قونصلر رسائی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایرانی صوبے سیستان میں قتل ہونے والے 8 پاکستانیوں کی شناخت کے لیے قونصلر رسائی مانگ لی گئی، اس حوالے سے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایران میں 8 پاکستانیوں کے قتل کی شناخت کیلئے قونصلر رسائی طلب کی ہے، پاکستان کی قیادت اور عوام واقعے پر دکھ اورغم میں مبتلا ہیں اور وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان فارن آفس کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم کی ہدایت پر تہران میں سفارتخانہ ایرانی حکام سے رابطے میں ہے اور زاہدان میں قونصل خانہ بھی تحقیقات کیلئے ایرانی حکام سے رابطے میں ہے، پاکستان ایران میں شہریوں کے بزدلانہ قتل کی مذمت کرتا ہے تحقیقات اور لاشوں کی واپسی میں ایران کے مکمل تعاون کی اٴْمید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایران کے صوبے سیستان میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 8 شہریوں کو نامعلوم ملزمان نے قتل کردیا، ایرانی میڈیا نے بتایا کہ پاکستانی باشندوں کو صبح مہرستان ضلع کے گاؤں حزآباد پائیں میں قتل کیا گیا، پاکستانی باشندوں کوفائرنگ کرکے قتل کیا گیا جو ورکشاپ پر موجود تھے، جاں بحق ہونے والے پاکستانی مکینک تھے جنہوں نے ایران میں ورکشاپ بنائی ہوئی تھی۔