اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے امریکی کانگریس کے اراکین کے وفد کی ملاقات

پیر 14 اپریل 2025 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے امریکی کانگریس کے اراکین کے وفد نے ملاقات کی۔سردار ایاز صادق نے امریکی کانگریس کے اراکین کے وفد کی اسپیکر ہاؤس اسلام آباد آمد پر خیر مقدم کیا۔امریکی وفد میں کانگریس کے اراکین جیک برگمین، ٹام سوزی، اور جوناتھن جیکسن شامل تھے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پارلیمانی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی رابطوں کا فروغ جمہوریت کی بنیاد ہیں،اسپیکر قومی اسمبلی نے کانگریس میں پاکستان کی حمایت پر کانگریس کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ خوشگورا تعلقات کے فروغ کے لیے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی روابط دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہونگے۔امریکی وفد نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا،وفد نےمستقبل میں پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کے بعد امریکی کانگریس کے اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔عشائیہ میں امریکہ-پاکستان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے اراکین بھی شریک تھے۔