Live Updates

فخر زمان نے محمد رضوان کا پی ایس ایل ریکارڈ برابر کر دیا

جارح مزاج بیٹر نے یہ ریکارڈ پی ایس ایل 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے دوران حاصل کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 14 اپریل 2025 11:39

فخر زمان نے محمد رضوان کا پی ایس ایل ریکارڈ برابر کر دیا
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 اپریل 2025ء ) لاہور قلندرز کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے اتوار کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے مقابلے میں محمد رضوان کے سب سے زیادہ نصف سنچریوں کے ریکارڈ کو برابر کردیا۔ 
فخر زمان نے گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ اٹیک کے خلاف اپنی 22ویں پی ایس ایل ففٹی سکور کی۔

اس سنگ میل کے ساتھ وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں 20 یا اس سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے صرف تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور فخر زمان دونوں 22 ،22 ففٹیز کے ساتھ اب ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

 

پی ایس ایل میں سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کے پاس ہے جو 33 نصف سنچریوں کے ساتھ چارٹ میں سب سے آگے ہیں، وہ واحد بلے باز ہیں جنہوں نے پی ایس ایل کی تاریخ میں 30 سے زیادہ ففٹیز سکور کررکھی ہیں۔

 
کامران اکمل اور شعیب ملک 15،15 نصف سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے جب کہ کولن منرو 13 ففٹیز سکور کرکے چوتھے نمبر پر ہیں۔ 
یاد رہے کہ اتوار کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہو رقلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے6 وکٹوں پر 219 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان نے 67 رنز کی اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے جبکہ سیم بلنگز 19گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ناقابل شکست رہے۔ سیم بلنگز نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے تھے۔ 220 رنز کے ہدف کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 17 ویں اوور میں 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں پی ایس ایل 10کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دی۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات