عمرکوٹ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی مقبولیت سے پیپلزپارٹی خوفزدہ ہے، صیم خان

پیر 14 اپریل 2025 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2025ء)پاکستان تحریک انصاف سندھ کی ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری اور ترجمان صیم خان نے انصاف ہائوس پر میڈیا سے گفتگو کرتیہوئے کہا ہے کہ عمرکوٹ کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے پیپلزپارٹی کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور دریائے بچا تحریک نے اقلیتی رہنما لالچند مالہی کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا ہے جو عوامی حمایت کے ساتھ میدان میں موجود ہیں۔

صیم خان نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی نے اپنی یقینی شکست کے خوف سے تمام تر سرکاری مشینری کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمرکوٹ کے ضمنی انتخابات میں تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دے کر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام آزادانہ طور پر ووٹ ڈال سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بار پیپلزپارٹی کی "ٹھپہ گردی" نہیں چلے گی، اور عمرکوٹ کی باشعور عوام اپنے ووٹ کا خود تحفظ کرے گی۔ صیم خان نے سندھ کے پانی کے حوالے سے پیپلزپارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سندھ کے پانی کا سودہ کر کے اپنی سندھ دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔صیم خان نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی جہاں بھی جلسہ کرتی ہے، وہاں پورے سندھ سے سرکاری وسائل کے ذریعے لوگوں کو زبردستی بلوایا جاتا ہے تاکہ مصنوعی مقبولیت کا تاثر دیا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس بار سرکاری ملازمین دھاندلی کا ساتھ نہیں دیں گے اور عوامی مینڈیٹ کی چوری نہیں ہونے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے اور عوام کو اپنے رائے دہی کے حق سے بھرپور استفادہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ اگر پیپلزپارٹی واقعی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے تو میدان میں اتر کر مقابلہ کرے۔صیم خان نے کہا کہ عمرکوٹ کا ضمنی انتخاب پیپلزپارٹی کے زوال کا آغاز ثابت ہوگا، کیونکہ عوام اب باشعور ہو چکی ہے اور مزید دھوکے میں نہیں آئے گی۔