کرک ، انڈس ہائی وے کے قریب مسافر وین اورٹرک میں تصادم میں 10 افراد جاں بحق اور 8زخمی

حادثہ کرک انڈس ہائی وے دربار ہوٹک کے قریب پرانا ایس این جی پی ایل کے ساتھ پیش آیا جہاں کنٹینر مسافروں سے بھری کوچ پر گر گیا،10 لاشیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 15 اپریل 2025 10:53

کرک ، انڈس ہائی وے کے قریب مسافر وین اورٹرک میں تصادم میں 10 افراد جاں ..
کرک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل 2025)کرک میں انڈس ہائی وے میٹھاخیل کے قریب مسافر وین اورٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 8زخمی ہوگئے،ٹریلر مسافر وین پر چڑھ گیا، جس کی وجہ سے کئی مسافر پھنس گئے،پولیس کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کوچ اور کنٹینر آپس میں ٹکرا گئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دو افراد اب بھی کنٹینر کے نیچے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے ہیوی مشینری طلب کر لی گئی ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 10 لاشیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حادثہ کرک انڈس ہائی وے دربار ہوٹک کے قریب پرانا ایس این جی پی ایل کے ساتھ پیش آیا جہاں کنٹینر مسافروں سے بھری کوچ پر گر گیا۔

حکام نے بتایا ہے کہ مقامی افراد اور ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔حادثے کے باعث انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ مقامی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

امدادی ٹیموں نے کنٹینر کے نیچے دبے ہوئے مسافروں کو نکال کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 6 افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق 16 مسافر کوچ میں سوار تھے، جس میں سے 10 موقع پر جاں بحق ہو گئے، جن میں بچے اور خاتون بھی شامل ہیں۔دوسری جانب ہری پور میں شاہ مقصود کے مقام پر گلگت سے راولپنڈی آنے والی مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے، بس کے ڈرائیور کو نیند آجانے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں 3 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو ٹراما سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔یسکیو ٹیموں نے میتوں اور مسافروں کو ایبٹ آباد اور ہری پور کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔پنجاب کے علاقے شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر چودھری سٹاپ کے قریب ڈمپر کی رکشہ کو ٹکر کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد رکشہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔حکام کا کہنا ہے کہ نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 57 سالہ منیر احمد ،51 سالہ نعمت علی اور 74 سالہ محمد عارف شامل ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔