لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کی جانب سے نویں جماعت کے فزکس کے پرچہ میں 97 طلباءوطالبات کو نقل کرتے پکڑ لیا گیا

منگل 15 اپریل 2025 19:56

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین الطاف حسین مہر نے کہا ہے کہ تعلیمی بورڈ کی چھاپہ مار ٹیموں کی جانب سے نویں جماعت فزکس کے پرچہ میں 97 طلباءوطالبات کو نقل کرتے پکڑا گیا، جنہیں امتحانی سینٹر سے باہرکر دیا گیا ، 57 طلبا و طالبات دوسروں کی جگہ عوضی بیٹھے ہوئے تھے انہیں بھی امتحانی سینٹر سے باہر کر دیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”اے پی پی “ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے امتحان کے دوران 64 چھاپہ مار ٹیمیں مقرر کی ہیں ،جس میں 34 بورڈ آفس کی ہیں جبکہ باقی علاقائی کالجز اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بنائی گئی ہیں ،لاڑکانہ ڈویژن کے چھ اضلاع میں 181 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں،ضلع دادو کی دوتحصیلیں میہڑ اورخیرپورناتھ شاہ بھی اس میں شامل کی گئی ہیں، باقی اضلاع میں قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، کندھ کوٹ ایٹ کشمور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین الطاف حسین مہر نے مختلف امتحانی سینٹرز کا دورہ کیا، جن میں شیخ زید، پائلٹ اسکول، سین جوذف، گرلز ڈگری کالج سمیت مختلف امتحانی مراکز شامل ہیں۔ چیئرمین بورڈ الطاف حسین مہر نے بتایا کہ کلاس نویں اور دسویں میں ٹوٹل طلباءکی تعداد ایک لاکھ بارہ ہزار نوسو ستاون ہے جو اپنا پرچہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے طلباءسے کہا کہ نقل کرنے کے بجائے اپنی قابلیت کو اجاگر کریں تاکہ آپ کا مستقبل سنور سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سیپکو کو ہدایت کی ہے کہ پرچہ کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تاکہ طلباءاپنا پرچہ آرام وسکون سے حل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی امتحانی سینٹر کے نگران کے خلاف کوئی شکایت موصول ہوئی تو ہم اس کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے اس مرتبہ طلباءکی آسانی کے لئے صاف وشفاف پروگرام متعارف کروایا ہے ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے افسران اور عملہ بھی موجود تھے۔