ٓفلاحی کاموں کو اجاگر کر کے پاکستان کا سافٹ امیج واضح کیا جا سکتا ہی: سردار سلیم حیدر خان

منگل 15 اپریل 2025 20:50

aلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے صدر انجمن آرائیں پاکستان میاں محمد سعید ڈیرے والا کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے گورنر پنجاب کو سماجی خدمت کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد میں میاں خالد حبیب الٰہی، چوہدری محمد شکیل، چوہدری حبیب کنول اور میاں حبیب اللہ شامل تھے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑی عبادت انسانیت کی خدمت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں فلاحی کاموں کو اجاگر کر کے پاکستان کا سافٹ امیج واضح کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بے لوث فلاحی کام کر رہے ہیں وہ قابل قدر ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت غربت کے خاتمے کے لیے کثیر الجہتی پالیسیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف سماجی پالیسیوں پر عمل درآمد کر رہی ہے، جس میں سماجی تحفظ کے نیٹ ورک، انفراسٹرکچر کی ترقی اور ہنرمندی کی ترقی کے پروگرام سمیت دیگر معاشی اصلاحات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بنیادی اقدامات میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)، احساس پروگرام، اور وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شامل ہیں، انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات قابل تعریف ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت لاکھوں خاندان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کا بھی غربت کے خاتمے میں کردار ادا کرنا ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ اللہ کے نزدیک سب سے بڑی عبادت انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ جن شعبوں میں انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں فلاحی کاموں کو اجاگر کر کے پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بے لوث فلاحی کام کر رہے ہیں وہ قابل قدر ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ غریب اور نادار لوگوں کی مدد کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام ہمیں دوسروں کے دکھ درد میں شریک ہونے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ انسانیت کے لیے کام کرنے والوں کو یاد رکھتی ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے انجمن آرائیں پاکستان کے عہدیداروں کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد اور ایوارڈز بھی پیش کیے۔