Live Updates

’اراکین کو کہا گیا یہ ان کی تنخواہوں میں اضافے کا بل ہے‘

بلوچستان اسمبلی سے معدنیات بل پاس ہونے سے متعلق دلچسپ انکشاف

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 اپریل 2025 11:41

’اراکین کو کہا گیا یہ ان کی تنخواہوں میں اضافے کا بل ہے‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2025ء ) بلوچستان اسمبلی سے معدنیات بل پاس ہونے سے متعلق دلچسپ انکشاف سامنے آگیا۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سنو ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ میری اس حوالے سے صوبائی اسمبلی کے ایک رکن سے بات ہوئی بلوچستان اسمبلی کے اس رکن نے مجھے بتایا کہ ہمارے سامنے انگریزی میں بل کا مسودہ رکھا گیا اور ہمیں بتایا گیا کہ یہ آپ کی تنخواہوں میں اضافے کا بل ہے اور لوگوں سے ووٹنگ کروا کر اراکین سے اسے منظور کرالیا گیا، بعد میں اراکین کو پتا چلا کہ یہ تو دوسرا یعنی معدنیات والا بل ہے۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخواہ حکومت کو مائنز اینڈ منرلز بل روکنے کی ہدایت کردی، بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نے کہا ہے جب تک وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور سیاسی کمیٹی ملاقات نہیں کرتی اس وقت تک بل کو پراسس نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت نے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کی منظوری کے معاملے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ علی امین گنڈا پور کل عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے جہاں ہونے والی ملاقات میں دیگر اہم سیاسی امور بھی زیر بحث آئیں گے، ملاقات میں پارٹی کے اندرونی معاملات پر بھی بات چیت ہوگی اس کے علاوہ ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ بانی پی ٹی آئی سے مائنز اینڈ منرلز بل پرحتمی رائے لیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان نے بتایا کہ مائنز اینڈ منرلز سے ایک سال میں 5 اعشاریہ 70 ارب روپے رائلٹی حاصل کی، ضم اضلاع میں معائنہ دفاتر کا قیام عمل میں آیا ہے، 7 نئے دفاتر کھولے گئے، معدنیات سیکٹر میں 447 لائسنس جاری کیے گئے جب کہ 482 منسوخ کیے گئے ہیں، مزدوروں کے بچوں کیلیے 10 کروڑ روپے کے وظائف دیئے گئے ہیں، 2 ہزار 690 مزدوروں کو سیفٹی ٹریننگ فراہم کی گئی، معدنیات کے شعبے کے مزدوروں کو علاج کی سہولیات دی گئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات