بھارت ، تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اسٹالن کا نئی دہلی پر عدم اعتماد کا اظہار

بدھ 16 اپریل 2025 13:35

چنئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) بھارت میں ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت کی پالیسیوں پر کھل کراپنے تحفظات ظاہر کرتے ہوئے نئی دہلی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور ایک اعلی سطحی پینل تشکیل دینے کا اعلان کیا جس کا مقصد ریاستی معاملات میں مرکز ی حکومت کی بڑھتی ہوئی مداخلت کے خلاف مزاحمت کرنا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسٹالن نے یہ اعلان ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ اعلان نئی دہلی کی مداخلت کے خلاف مزاحمت کے لئے ایک اہم قدم ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ریاستی خود مختاری کے حوالے سے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کے زیر قیادت پینل کی تشکیل دراصل تامل ناڈو کی آزادی کے لیے مستقبل کا منصوبہ ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے سابق جج کورین جوزف کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی نئی دہلی اور ریاست کے درمیان تعلقات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔

اسٹالن نے ریاستی اسمبلی کو بتایایہ اپنی عبوری رپورٹ جنوری 2026میں پیش کرے گا۔ سفارشات کے ساتھ حتمی رپورٹ دو سال میں پیش کی جائے گی۔ سابق بیوروکریٹ اشوک وردھن شیٹی اور ریاستی منصوبہ بندی کمیشن کے سابق وائس چیئرمین ایم ناگناتھن اس کے ممبران ہوں گے۔وزیر اعلی نے کہا کہ کمیٹی کئی شعبوں کو ریاستی فہرست سے کنکرنٹ لسٹ میں منتقل کرنے کا جائزہ لے گی۔