بی این پی لانگ مارچ کا سفر سر پر کفن باندھنے سے شروع اور ٹینٹ اٹھا کر گھر جانے پر اختتام پذیر ہوا،حاجی علی مدد جتک

بدھ 16 اپریل 2025 21:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں آئے بغیر عوامی خدمت جاری رکھے گی، بی این پی کے لانگ مارچ کا سفر سر پر کفن باندھنے سے شروع اور ٹینٹ اٹھا کر گھر جانے پر اختتام پذیر ہوا، قوم پرست جماعت کو بد ترین ناکامی سے سمجھ لینا چاہیے کہ بلوچستان میں نفر ت اور جھوٹ کی سیاست کا باب ختم ہوچکا ہے ۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان حکومت صوبے میں بہترین کام کر رہی ہے وزیراعلیٰ نڈر اور زیرک رہنما ہیں جنہوں نے ہمیشہ مثبت تنقید اور احتجاج کا خیر مقدم کیا ہے حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ احتجاج سب کا آئینی حق ہے مگر اس کی آڑ میں نفرت،اشتعال انگیزی ،سرکاری املاک، عوام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائیگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں انہوں نے اب خوش نما اور بے مقصد نعروں کی سیاست کو خیر باد کہہ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ 20دن تک مستونگ میں بیٹھے رہنے کے باوجود بی این پی کے لانگ مارچ کو ناکامی ہوئی اور عوام میں پذیرائی حاصل نہیں ہوسکی اور بل آخر انہیں خود ہی احتجاج ختم کرکے گھر کو جانا پڑا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرستی کی سیاست دفن ہوچکی ہے نوجوانوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اب آکسفورڈ اور ہارورڈ یونیورسٹی سے پڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے اس لئے قوم پرست رہنمائوں کو چاہیے کہ ریٹائرمنٹ لیکر بلوچستان کو ترقی کرنے دیں ۔

بلوچستان حکومت صوبے کے عوام کے حقوق اور ترقی کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے آنے والا وقت بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کی نوید لیکر آئیگا ۔