یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں شعبہ ریاضی میں حالیہ پیش رفت کے عنوان سے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

بدھ 16 اپریل 2025 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے شعبہ ریاضی کے زیر اہتمام''ریاضی میں حالیہ پیش رفت'' کے عنوان پر تیسری دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ دو روزہ کانفرنس میں امریکہ، ترکیہ، چین، کینیڈا، ڈنمارک، مراکش، پرتگال، ملائیشیا، عراق، تھائی لینڈ، لبنان، گھانا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور پاکستان سمیت 16ممالک کے 157قومی و بین الاقوامی محققین شرکت کر رہے ہیں جو اپنے تحقیقی مقالہ جات پیش کریں گے۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے ٹائون شپ کیمپس میں منعقد ہوئی جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے کی جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کانفرنس چیئر پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور کانفرنس کے مقاصد و اہداف پر روشنی ڈالی۔

کانفرنس کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ بیک وقت یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے تین مختلف کیمپسز یعنی لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں منعقد کی جا رہی ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے کہا کہ کانفرنس تحقیق، جدت اور عالمی علمی تعاون کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کا عملی مظاہرہ ہے، کانفرنس محققین کو اس بات کا موقع فراہم کرے گی کہ وہ ریاضی کے شعبے میں جدید تحقیق، سائنسی ترقی اور صنعتی و سماجی حقائق پر سیر حاصل تبادلہ خیال کر سکیں۔

تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عالم سعید، پروفیسر ڈاکٹر رانا ابرار حسین، پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ مظہر، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر سلیم سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ، طلبہ و طالبات اور انتظامی عملے نے شرکت کی۔