وساکھی میلہ، بھارتی سکھ یاتریوں نے کرتارپور میں بابا جی کی کھیتی میں گندم کی فصل کی کٹائی کا باقاعدہ آغازکر دیا،ترجمان

بدھ 16 اپریل 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) وساکھی میلہ کے موقع پر بھارتی سکھ یاتریوں نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کرتارپور کے زیر انتظام گورو دورارہ دربار صاحب میں بابا جی کی کھیتی میں گندم کی فصل کی کٹائی کا باقاعدہ آغازکر دیا ۔ ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق بھارتی سکھ یاتریوں نے سی ای او پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ابو بکر آفتاب قریشی ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر،سردار اندر جیت سنگھ اور دیگر سکھ رہنمائوں کے ہمراہ بابا جی کی کھیتی میں فصل کاٹ کا وساکھی کا آغاز کیا ۔

اس موقع پر سکھ یاتریوں نے کہا کہ ہم نے بابا جی کی کھیتوں کی یاترا کی اور فصل کی کٹائی کر کے با با گورو نانک کی یاد تازہ ہو گئی۔ بھارتی جھتہ لیڈر نے اس پرمسرت موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا جی کی کھیتی کی حفاظت اور سکھ مذہبی روایات کے عین مطابق رسومات کی ادائیگی پر متروکہ وقف املاک بورڈ ،وفاقی وزارت مذہبی امور برائے بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی سکھ یاتریوں کے اعزاز میں پنجابی کلچر کے مطابق وساکھی میلہ کے موقع پر پر اجیکٹ مینجمنٹ یونٹ شری دربار صاحب کرتارپور صاحب اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے زیر نتظام کبڈی میچ کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں بھارتی سکھ یاتریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور خوشیوں کا اظہار کیا ۔