وزیراعظم کی چھٹی جماعت سے آئی ٹی مضمون نصاب کا حصہ بنانے کیلئے حکمت عملی بنانے کی ہدایت

صوبوں سے ملکر آئی ٹی کی معیاری اور یکساں تعلیم وتربیت کے لیے کام کیا جائے گا،شہبازشریف

بدھ 16 اپریل 2025 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)وزیراعظم شہباز شریف نے چھٹی جماعت سے آئی ٹی مضمون کو نصاب کا لازمی حصہ بنانے کیلئے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے۔شہبازشریف کی زیر صدارت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے امور پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ ترجیح ہے۔

انہوں نے چھٹی جماعت سے آئی ٹی مضمون کو نصاب کا لازمی حصہ بنانے کیلئے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں سے ملکر آئی ٹی کی معیاری اور یکساں تعلیم وتربیت کے لیے کام کیا جائے گا۔شہباز شریف نے گلگت بلتستان، آزادکشمیر، بلوچستان میں آئی ٹی کی تربیت شروع کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ تربیت کا معیار ایسا ہونا چاہیے کہ تربیت حاصل کرنے والوں کو اچھی ملازمت مل سکے۔

اجلاس میں آئی ٹی کے شعبے میں تربیتی پروگرام اور دیگر اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے اسکولوں میں انٹرنیٹ کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، سال2024-25میں 49ہزار افراد کو اعلیٰ تربیت فراہم کی گئی۔بریفنگ کے مطابق وزارت تعلیم ہواوے کے تعاون سے ایک لاکھ 46ہزار سے زیادہ طلبہ کو تربیت دے گی، ہواوے کے تعان سے 1300لیبارٹریوں کو بہتر بنایا جائے گا۔