وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ٹھوس بنیادوں پر عوامی مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں: بائر علائو الدین

جمعرات 17 اپریل 2025 21:25

Wلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ برگیڈیئر بابر علائوالدین ستارہ امتیاز ملٹری (ر) کی ڈپٹی کمشنر آفس میں پریس کانفرنس، ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ٹھوس بنیادوں پر عوامی مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

تمام شعبہ ہائے زندگی میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔صوبہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، تزئین و آرائش کا کام مکمل کا جا رہا ہے۔ شیخ زید ہسپتال کے زیر التواء منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے کوشاں ہیں اس بابت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔پچھلی حکومت نے ترقی کی پہیہ کو روک دیا تھا جس کی بدولت ترقیاتی پراجیکٹ کی لاگت بڑھ کر کہیں سے کہیں پہنچ چکی ہے شیخ زید ہسپتال فیز ٹو، خانپور کیڈٹ کالج ان متاثرہ منصوبوں میں شامل ہیں تاہم وزیراعلیٰ پنجاب تمام زیر التواء منصوبوں کو بلا تفریق مکمل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور اس بات کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے کہ متعلقہ ضلع میں مسلم لیگ ن کی کیا پوزیشن ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کے تمام اضلاع کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیوریج مسائل کے مستقل حل کے لئے جلد صوبہ پنجاب کے 189 شہروں میں سیوریج کا میگا پراجیکٹ لایا جا رہا ہے۔ 700 سے زائد شاہراہوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب گورننس کا ماڈل تیز ترین کارکردگی پر مشتمل ہے۔ صفائی ستھرائی کی بہتر صورتحال کے لیے 41 اضلاع میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔

دیگر صوبوں کے اضلاع بھی گورننس میں مقابلہ کریں تاکہ ان کے عوام بھی سکون کا سانس لے سکیں۔ چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب سرویلنس برگیڈئیر (ر) بابر علائو الدین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ضلعی دورے کررہا ہوں تاکہ مقامی سطح پر گورننس کو مانیٹر کیا جا سکے۔ پنجاب سوشو اکنامکس رجسٹریشن پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے، رجسٹرڈ خاندان حکومت پنجاب کے فلاحی پروگراموں سے مستفید ہو سکیں گے۔

پانی کے معاملہ پر سیاست کی جا رہی ہے، تمام ملک ہمارا اور اس کی ترقی ترجیح ہے۔ نہروں میں پانی چوری کہ شکایات کا سختی سے سدباب کیا جائے گا۔ کسانوں کے مسائل وقتی ہیں، حکومت اس کا دیرپا حل نکال رہی ہے۔ مڈل مین کسانوں کی محنت کا فائدہ اٹھاتا ہے، مستقل بنیادوں پر مڈل مین کے کردار کو ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مقامی سطح پر مسائل ہیں، نیچے افسران و عملہ لوگوں کے مسائل حل نہیں کرتا۔

ضلع و تحصیل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماتحت دفتروں میں کام کو مانیٹر کریں۔کچے کے ڈاکوئوں کا سدباب کیا اور پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے۔ کچے کی چیک پوسٹوں کو مظبوط اور آمد و رفت کے لئے پختہ سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، اسے ہمیں مل کر روکنا ہوگا۔ملک دشمن قوتیں سوشل میڈیا کے ذریعے افراتفری پھیلانا چاہتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق کسی خبر کو شیئر نہ کریں۔ حکومت، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکی بقاء کی فیصلہ کن جنگ لڑ رہے ہے۔ انشاء اللہ کامیابی پاکستان کا مقدر ہے، قوم کے ساتھ مل کر ملک دشمن عناصر کو شکست دیں گے۔