حریت کانفرنس کی طرف سے ایس حمید وانی کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

جمعہ 18 اپریل 2025 13:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) بھارت کے غیرقانونی طورپر زیر تسلط جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید مزاحمتی رہنما ایس حمید وانی کو ان کے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہیں 1998 میں آج کے دن بھارتی فورسزنے سرینگر میں شہید کردیاتھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں ایس حمید وانی کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیر کاز کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی اور اسی راہ میں اپنی جان کانذرانہ پیش کیا ۔

انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورکشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاریوں میں اضافے پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام سے روکنے کے لیے بھارت پر دبائو بڑھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے سیاسی کارکنوں، شہریوں اورانسانی حقوق کے کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حریت قیادت، نوجوانوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں جنہیں5 اگست 2019 سے پہلے اور بعد میں گرفتار کیا گیاتھا، بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔حریت ترجمان نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ادھر حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں محمود احمد ساغر، محمد فاروق رحمانی، شیخ محمد یعقوب، اعجاز احمد شاہ اور زاہد اشرف نے ایس حمید وانی کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس حمید وانی ایک بے باک اور نڈر لیڈر تھے جنہوں نے عمر بھراپنے مادر وطن کی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کی ۔