ڈپٹی کمشنر عمران علی کی زیرصدارت پولیو مہم کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا جائزہ اجلاس

شہریوں کو پولیو و دیگر مہلک بیماریوں سے مکمل بچائو کے لیے ممکنہ اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے‘عمران علی

جمعہ 18 اپریل 2025 13:47

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام متعلقہ محکمے ذمہ داریوں کو پورا کریں،ڈپٹی کمشنر قصورعمران علی نے ان خیالات کا اظہار 21 اپریل 2025ء سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے سلسلہ میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی غلام مصطفی سحر، ڈی ایچ او ڈاکٹر فیصل اقبال، ڈاکٹر ولید منظور، فوکل پرسن ڈبلیو ایم او اور محکمہ ہیلتھ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سی ای او ہیلتھ اتھارٹی نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 21 اپریل سے شروع ہونے والی 5 روزہ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 7لاکھ 66ہزار393بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے۔

(جاری ہے)

ضلع میں مجموعی طور پر 2990ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 2785موبائل ٹیمیں، 131فیکسڈ ٹیمیں اور 74ٹرانزٹ ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی ہیں۔مہم کی کامیابی کیلئی126یو سی ایم اوز‘577ایریا انچارجز تعینات کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمران علی نے کہا کہ شہریوں کو پولیو و دیگر مہلک بیماریوں سے مکمل بچائو کے لیے ممکنہ اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، محکمہ صحت، ریونیو، تعلیم اور پولیس کے افسران و دیگر عملہ پولیو مہم کے دوران اپنی ذمہ داریوں کو ترجیحی بنیادوں پر ادا کریں تا کہ انسدادی و حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کسی جگہ کمی نہ رہے ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ہیلتھ کے افسران کوہدایت کی کہ وہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پولیو مہم کی کامیابی کیلئے اپنی تمام کاوشوں کو بروئے کا ر لائیں۔پانچ روزہ مہم کے دوران لوگوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلوانے سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں۔اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی پانچ سال تک عمر کا بچہ پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ ہے‘تمام طبقات کے لوگ پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔پولیو کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ تمام لاری اڈوں‘داخلی اور خارجی راستوں پرپولیو ٹیمیں تعینات رہیں گی جو پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ 21 اپریل کو ضلع بھر میں شروع ہونیوالی پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز اپنی ڈیوٹیاں قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذور ی سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں۔