اقوام متحدہ کا مخصوص ایجنڈہ ہے، خیر کی امید حماقت ہے، اسلم فاروقی

ہفتہ 19 اپریل 2025 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا مخصوص ایجنڈہ ہے اور یہ عالمی طاقتوں کا کٹھ پتلی ادارہ ہے اس نے گزشتہ سات دہائیوں سے مظلوم فلسطینیوں، کشمیریوں اور بھارت کے مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و بربریت کے خلاف بے حسی کے مظاہرے کے سوا کچھ نہیں کیا ہے اس سے خیر کی امید رکھنا احماقت ہے ان خیالات کا اظہار اسلم خان فاروقی نے لیاقت آباد میں ایم کیو ایس سی کے ذمہ داروں محمد ہاشم صدیقی، سید انوار حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اسلم خان فاروقی نے کہا کہ ہمارے جعلی حکمران عالمی طاقتوں کے غلام ہیں اور اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے کٹھ پتلی اقوام متحدہ و دیگر عالمی اداروں اور عالمی طاقتوں کے آگے جھکے ہوئے ہیں اور ملک کے نظریے و مفادات کو سولی چڑھانے پر تلے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور ملکی بقا و ترقی نظریہ پاکستان میں ہے ہمیں ملک و نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے نظریہ پاکستان کا تحفظ و دفاع کرنا ہوگا ان کا کہنا تھا کہ فلسطین پر صرف فلسطینیوں کا حق ہے اور فلسطین پر ناجائز قابض صہیونی اسرائیل کو تسلم کرنے کی بات اسلام کی بنیاد پر بننے والے ملک پاکستان کے نظریے سے کھلی غداری ہے اور افسوس ہمارے جعلی حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کررہے ہیں جو انتہائی پریشانی کی بات ہے اس لیے وقت آگیا ہے کہ جعلی حکمرانوں کو سبق سیکھایا جائے۔