یمن پر امریکی حملوں کی یو این چیف کی طرف سے کڑی مذمت

یو این اتوار 20 اپریل 2025 01:45

یمن پر امریکی حملوں کی یو این چیف کی طرف سے کڑی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 20 اپریل 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے یمن میں امریکہ کے حملوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں امدادی کارکنوں سمیت درجنوں شہریوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

انہوں نے ہر طرح کے حالات میں بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے تمام فریقین سےکہا ہے کہ وہ شہریوں اور شہری تنصیبات کا احترام اور تحفظ یقینی بنائیں۔

اطلاعات کے مطابق، 17 اور 18 اپریل کو امریکہ کی جانب سے یمن کی بندرگاہ راس عیسیٰ پر متعدد میزائل داغے گئے جن سے بندرگاہ کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا اور اس سے بحیرہ احمر میں تیل کے رساؤ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ ان حملوں میں زخمی ہونے والوں میں پانچ امدادی کارکن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بحیرہ احمر میں حملوں پر تشویش

سیکرٹری جنرل نے اسرائیل کے خلاف اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثیوں (انصاراللہ) کے میزائل اور ڈرون حملوں پر بھی گہری تشویش ظاہر کی ہے اور حوثیوں پر زور دیا ہے کہ وہ یہ حملے فوری طور پر بند کریں۔

انہوں نے اس مسئلے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2768 (2025) پر مکمل عملدرآمد کے لیے کہتے ہوئے خطے میں کشیدگی بڑھنے کے امکانات پر تشویش ظاہر کی ہے اور تنازع کے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ ہرممکن طور پر تحمل سے کام لیں۔

انہوں نے حوثیوں کی حراست میں اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کے عملے کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔