بھارت کا غاصبانہ قبضہ کشمیریوں کے حوصلے کو شکست نہیں دے سکتاطاہر کھوکھر

پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، بھارت مقبوضہ وادی پر قبضے کے خواب کو کبھی حقیقت میں نہیں بدل سکتا

اتوار 20 اپریل 2025 15:05

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)پاسبانِ وطن پاکستان کے مرکزی صدر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم بھی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو طاقت، گولی اور جبری قوانین کے ذریعے دبانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکتیں آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جس سے انہیں زیادہ دیر تک محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک جسم اور جان کی مانند ہیں جنہیں کوئی الگ نہیں کر سکتاکشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس پر حملہ درحقیقت پاکستان پر حملہ ہے انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا پاکستان کی افواج اور عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ہر محاذ پر ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے بھارت دہشت گرد ریاست کا روپ دھار چکا ہے آج کا بھارت نہ صرف کشمیریوں بلکہ اپنے ہی ملک کی اقلیتوں کے لیے بھی خوف کی علامت بن چکا ہے بھارت میں مسلمان، عیسائی، دلت، اور سکھ برادریاں غیر محفوظ ہیں مساجد کو شہید کیا جا رہا ہے، اذانوں پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں، اور گائے کے گوشت کے بہانے مسلمانوں کو سرعام قتل کیا جا رہا ہے یہ کیسی جمہوریت ہے بھارت میں ہندو انتہا پسندی کو سرکاری سطح پر سرپرستی حاصل ہے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت اقلیت دشمن پالیسیوں کو فروغ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کا دوٹوک پیغام بھارتی غرور کو چکناچور کر چکا ہے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کا کشمیر سے متعلق حالیہ بیان پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے بھارت کشمیر کا ایک انچ بھی نہیں لے سکتا کیونکہ وہ کشمیریوں کا ہے یہ پیغام بھارت کے غرور کو چکناچور کرنے کے لیے کافی ہے انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کی خاموشی انسانی ضمیر پر سوالیہ نشان ہے انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کی تنظیموں، اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی پر خاموش تماشائی نہ بنیںانہوں نے کہا کہ یوکرین پر آواز اٹھائی جا سکتی ہے تو کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے کیوں نہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دیا جائے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنی آزادی کے لیے جو قربانیاں دی ہیںوہ رائیگاں نہیں جائیں گی ہماری قوم اور افواج اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہیںاور ہر فورم پر ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ جس ملک میں اقلیتیں غیر محفوظ ہوں، جہاں پر گائے کے نام پر مسلمانوں کو سرعام قتل کر دیا جائے، جہاں عدالتیں انصاف کے بجائے تعصب کی عینک سے فیصلے کریں، وہ ملک جمہوریتٴ کا نہیں بلکہ فسطائیت کا گڑھ بن چکا ہے۔