پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین موجود تجارتی خلا ء دور کرنا ہوگا‘ چوہدری شافع حسین

وقت آگیا ہے پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین تجارت کا حجم بڑھایا جائے‘ صوبائی وزیر صنعت و تجارت

اتوار 20 اپریل 2025 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)افریقہ ہاؤس پاکستان اور وزارت خارجہ کے اشتراک سے افریقی ممالک کے وزراء اور بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں پاکستان اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں استقبالیہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خصوصی شرکت کی۔ چئیرمن افریقہ ہاؤس محمد ریحان یونس،ایمبیسڈر حامد اصغر خان،یوگنڈا کے وزیر زراعت مسٹر فریڈریک،افریقی ممالک اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان افریقہ فرینڈز شپ کا کیک بھی کاٹا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین موجود سرمایہ کاری اور تجارتی خلا دور کرنا ہوگا وقت آگیا ہے کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔

افریقی ممالک کے سرمایہ کاروں کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے گارمنٹ سٹی بنایا جا رہا ہے۔ گارمنٹ سٹی میں مقامی سرمایہ کاروں کے علاوہ چین اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کار ٹیکسٹائل انڈسٹری لگا رہے ہیں ۔ پاکستان اور افریقی ممالک ٹیکسٹائل سیکٹر میں اشتراک کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 130ایکڑ رقبے پر فارما سیوٹیکل ویلی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ٹیکسٹائل ،فارماسیوٹیکل،سرجیکل،سپورٹس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا بڑا پوٹینشل موجود ہے۔پاکستان اور پنجاب معدنی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے۔ مائننگ سیکٹر میں افریقی ممالک کو مہارت حاصل ہے۔پاکستان مائننگ کے شعبہ میں افریقی ممالک کی مہارت سے فائیدہ اٹھا سکتا ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں سازگار ماحول کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے۔چین کی موبائل کمپنی نے انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں موبائل فون مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگانا شروع کردیا ہے جو 2سال میں پیداوار شروع کر دے گا۔ سولرپینلز مینوفیکچرنگ اور لیتھیئم بیٹریاں بنانے والی غیر ملکی کمپنیاں بھی پنجاب میں اپنے کارخانے لگائیں گی۔

یوگنڈا کے وزیر زراعت مسٹر فریڈریک نے یوگنڈا میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ چئیرمن افریقہ ہاؤس ریحان یونس نے کہا کہ افریقہ ہاؤس پاکستان کی انڈسٹری اور افریقن مارکیٹ کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ایمبیسڈرحامد اصغر خان نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔ سیکرٹری ٹی ڈیپ شہریار خان،صدرایوان صنعت و تجارت ابوذر شاد اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔