پنجاب میں فلم سٹی، سٹوڈیو، پوسٹ پروڈکشن لیب، فلم سکول کے قیام کا فیصلہ، وزیراعلیٰ نے منظوری دیدی

فلموں کی تیاری کیلئے امدادی رقوم کی فراہمی کیلئے 8 رکنی کمیٹی تشکیل، پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کمیٹی کی کنوینر ہوں گی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 اپریل 2025 19:20

پنجاب میں فلم سٹی، سٹوڈیو، پوسٹ پروڈکشن لیب، فلم سکول کے قیام کا فیصلہ، ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فلمی صنعت کی بحالی کے لیے قدم اٹھاتے ہوئے امدادی رقوم کی فراہمی کے لیے 8 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کردی، پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کمیٹی کی کنوینر ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی مریم نواز شریف نے پنجاب کے پہلے فلم سٹی، فلم سٹوڈیو، پوسٹ پروڈکشن لیب، پاکستان کے پہلے فلم سکول کے قیام کی منظوری دے دی ہے، نواٰزشریف آئی ٹی سٹی میں فلم سٹی، فلم سٹوڈیو، پوسٹ پروڈکشن لیب کے لیے جگہ مختص کر دی گئی، ڈیزائن سمیت دیگر اقدامات پر پیشرفت کا پہلا جائزہ بھی مکمل ہوچکا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد ''پنجاب فلم فنڈ ڈسپرسمنٹ کمیٹی'' بھی تشکیل دے دی گئی، جا کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا، کمیٹی رواں مالی سال میں پنجاب کی فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے فلم سازوں کو گرانٹ جاری کرے گی، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمان، وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا بھی کمیٹی کے رکن ہیں، صوبائی سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، سیکرٹری منصوبہ بندی آصف طفیل، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل، سیکرٹری سیاحت فرید احمد تارڑ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نوٹی فکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی فلم سازوں اور فلم ساز کمپنیوں کی درخواستوں کا جائزہ لے گی، کمیٹی نئی فلموں کی تیاری اور نامکمل فلموں کے سکرپٹ کا جائزہ لے گی، کمیٹی فنڈ کے انتظام، اہلیت کے معیار اور باکس آفس مراعات سے متعلق امور پر فیصلہ کرے گی، کمیٹی کو کسی معاملے پر ذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا، مریم اورنگزیب کی صدارت میں کمیٹی کے پہلے اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن پر عملدرآمد کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔