کینالز کے معاملے پر سندھ بھر میں احتجاج، ریلوے ٹریک پر دھرناٹریک بند

پشاور سے کراچی آنیوالی عوام ایکسپریس کو خیر پور اور رحمان بابا ایکسپریس کو روہڑی جنکشن پر روک دیا گیا

اتوار 20 اپریل 2025 19:45

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)دریائے سندھ سے متنازع نہریں نکالنے کے خلاف قوم پرست جماعت کی جانب سے اتوارکو سندھ میں شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی، کارکنوں نے ریلوے ٹریک بھی بند کردیا۔تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کے خلاف سندھ بھر میں احتجاج جاری ہے، جام شورو، لاڑکانہ، نوشہر و فیروز، سجاول، نواب شاہ اور گھوٹکی سمیت کئی شہروں میں شٹر ڈائون ہڑتال رہی۔

دوسری جانب خیر پور میں ببرلو بائی پاس پر وکلا کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے، اس کے علاوہ سندھ اور پنجاب کے درمیان ٹریفک معطل ہے۔نئی نہریں نکالنے کے خلاف لاڑکانہ میں دکانیں بازار اور پیٹرول پمپ بند ہیں، رتو ڈیرو، باقرانی، ڈوکری اور باڈہ سمیت ضلع بھر میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔

(جاری ہے)

قوم پرست جماعت کے کارکنان نے ہالانی اور کنڈیارو کے مقام پر قومی شاہراہ بند کردی جس سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔

دوسری جانب ریلوے ذرائع نے بتایاکہ کینالز کیخلاف دھرنا دیتے ہوئے شرکا نے خیرپور اور روہڑی جنکشن پر ریلوے ٹریک بلاک کردیا۔ریلوے ذرائع کے مطابق پشاور سے کراچی آنیوالی عوام ایکسپریس کو خیر پور کے پاس روک دیا گیا، رحمان بابا ایکسپریس کو بھی روہڑی جنکشن پر روک دیا گیا۔اس کے علاوہ لاڑکانہ میں نئے کینالز منصوبے کے خلاف ہڑتال کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں لڑکا زخمی ہوگیا یہ فائرنگ کا واقعہ رحمت پور تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

پولیس نے اس حوالے سے کہاکہ چند دکانوں کے کھلے ہونے پر مظاہرین علاقے میں پہنچے تھے، مظاہرین کے پہنچنے پر فائرنگ ہوئی جبکہ زخمی ہونے والا لڑکا احتجاج میں شامل تھا اور وہ اپنے ساتھیوں کی گولی کی زد میں آیا۔سندھ میں مختلف ہائی ویز پر دھرنے کی وجہ سے مویشیوں سے لدی گاڑیاں بھی پھنس گئیں، شدید گرمی میں 24 گھنٹے سے گاڑیوں میں پھنسے جانور پانی اور چارہ سے محروم ہیں۔ذرائع نے اس حوالے سے کہاکہ قربانی کیلئے کراچی لائے جانے والے جانوروں کی راستے میں ہلاکت کا خدشہ ہے جبکہ راستے بند ہونے سے رانی پور اور سکھرکے درمیان سیکڑوں مال بردار گاڑیاں بھی پھنسی ہوئی ہیں۔