امریکی نائب صدردورہ بھارت کے دوران میرے قتل کی سازش کا معاملہ اٹھائیں، گرپتونت سنگھ

پیر 21 اپریل 2025 18:36

امریکی نائب صدردورہ بھارت کے دوران میرے قتل کی سازش کا معاملہ اٹھائیں، ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)امریکہ میں قائم سکھوں کی عالمی تنظیم’’ سکھز فار جسٹس‘‘ کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے امریکی نائب صدر جیمز ڈیوڈ وینس سے درخواست کی ہے کہ وہ دورہ بھارت کے دوران انکے قتل کی سازش کا معاملہ اٹھائیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گروپتونت سنگھ نے امریکی نائب صدر جیمز ڈیوڈ وینس کے نام ایک خط میں کہا کہ آپ کی توجہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی بین الاقوامی دہشت گردی کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں۔

امریکی نائب صدر کے نام خط میں گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ مودی کی پارٹی کے سینئر رکن نے میرے قتل پر ڈھائی لاکھ ڈالر انعام رکھا ہے، یہ اعلان امریکی سرزمین پر ایک امریکی شہری کے قتل کے لئے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے قتل پر انعام کا اعلان امریکی خود مختاری اور قومی سلامتی پر براہ راست حملہ ہے۔

(جاری ہے)

گرپتونت سنگھ پنوں نے لکھا کہ آپ کے دورہ بھارت میں اس معاملے کو اٹھانے کی درخواست کرتا ہوں، نائب امریکی صدر بھارتی حکومت کو ممکنہ اثرات سے خبردار کریں۔

سکھز فار جسٹس کے رہنما نے مطالبہ کیاکہ میرے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی اداروں کو غیر ملکی دہشت گرد قراردیاجائے۔ یقین ہے کہ خالصتان ریفرنڈم کے منتظمین کی آئینی آزادی اور تحفظ کو برقرار رکھا جائے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج سے بھارت کا تین روزہ دورہ کر رہے ہیں۔