کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں نمائندہ وفد کی جموں و کشمیر کیلئے او آئی سی کے خصوصی نمائندہ سفیر یوسف الدوبی سے ملاقات

پیر 21 اپریل 2025 18:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے وزارت خارجہ میں تنظیم اسلامی تعاون (او آئی سی) کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور جموں و کشمیر کے لئے او آئی سی کے خصوصی نمائندے سفیر یوسف الدوبی سے ایک اہم ملاقات کی۔پیر کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران حریت وفد نے سفیر یوسف الدوبی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔

انہوں نے خاص طور پر بھارتی ریاستی دہشت گردی، قتل و غارت اور آبادیاتی تبدیلی کے مذموم منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ وفد نے قابض انتظامیہ کی جانب سے مسجدوں، خانقاہوں اور مدارس پر مسلسل قبضہ جمانے کے اقدامات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

مزید برآں انہوں نے حریت قائدین کو مسلسل پابند سلاسل رکھنے کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل سے بھی سفیر کو آگاہ کیا۔

او آئی سی کے خصوصی نمائندے برائے جموں و کشمیر سفیر یوسف الدوبی نے حریت وفد کے تمام تر خدشات کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ او آئی سی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے مطلع کیا کہ آئندہ مہینے ترکیہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں وہ مقبوضہ کشمیر کی اس تشویشناک صورتحال سے تمام رکن ممالک کو آگاہ کریں گے۔

سفیر یوسف الدوبی نے وفد کو مزید بتایا کہ ان کا موجودہ دورہ پاکستان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد کشمیر کے حوالے سے تازہ ترین اور جامع معلومات اکٹھی کرنا ہے تاکہ انہیں او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں ایک مدلل انداز میں پیش کیا جا سکے۔کنونیر غلام محمد صفی نے سفیر یوسف الدوبی کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اس واضح پیغام اور مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے عزم کو سراہا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔وفد میں سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،الطاف حسین وانی،سید فیض نقشبندی ،شمیم شال اور شیخ عبدالمتین شامل تھے۔