اسرائیل مردہ باد ملین مارچ یہ پیغام دیگا کہ اسلام کا رشتہ سرحدوں یا نسلوں کا نہیں بلکہ ایمان، اخوت اور مظلوموں کی حمایت کا رشتہ ہے،سینیٹر مولانا عبدالواسع

پیر 21 اپریل 2025 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی صوبائی مجلس عاملہ کا ایک غیرمعمولی، فیصلہ کن اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، جس میں اراکین مجلس عاملہ اور مرکزی ناظم مالیات مولانا صلاح الدین ایوبی نے خصوصی شرکت کی اجلاس میں امت مسلمہ پر ٹوٹنے والے مظالم، بالخصوص فلسطین میں اسرائیلی درندگی اور خونریزی پر شدید رنج و غم اور اضطراب کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں طے پایا کہ 15 مئی 2025 کو کوئٹہ کی سرزمین پر ایک عظیم الشان "اسرائیل مردہ باد ملین مارچ" کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ دنیا کو یہ گواہی دی جائے کہ بلوچستان کے غیور فرزند مظلوم فلسطینی بھائیوں کی نصرت اور قبلہ اول کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر میدان عمل میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ فقط ایک اجتماع کی تیاری نہیں بلکہ ایمان، حمیت، غیرت اور جذبہ شہادت کی تجدید عہد ہے۔

مجلس عاملہ نے متفقہ طور پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ مارچ، انشاء اللہ، سابقہ تمام ریکارڈز کو ٹھوڑ دے گا، اور اہل بلوچستان اپنی غیرت ایمانی، اخوت اسلامی اور مظلوموں کی حمایت کا علم تھام کر کفر و طاغوت کے ایوانوں پر لرزہ طاری ہوگا۔ یہ مارچ امت کے جذبہ حریت، غیرت دینی اور عزم ایمانی کا ایسا درخشندہ مظہر بنے گا ظلم و جبر کے ایوان لرزیں گے، اور کلمہ حق کے پروانے اپنی بے مثال قربانیوں سے تاریخ کا دھارا موڑیں گے۔

اجلاس میں 15 مئی 2025 کو کوئٹہ میں ہونے والے "اسرائیل مردہ باد ملین مارچ" کی تیاریوں، تنظیمی کردار اور حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ تمام امور کلئے متعلقہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہاکہ یہ عظیم مارچ دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ اسلام کا رشتہ سرحدوں یا نسلوں کا نہیں بلکہ ایمان، اخوت اور مظلوموں کی حمایت کا رشتہ ہے۔

مسلمان جہاں بھی ہوں، ظلم و جبر کے خلاف اور مظلوم بھائیوں کی نصرت میں اپنا مال، جان اور وقت سب کچھ قربان کرنے کو سعادت سمجھتے ہیں۔ ہم دنیا پر عمل سے یہ ثابت کریں گے کہ اسلام زندہ ہے اور زندہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ اسرائیل نہتے معصوم بچوں اور بے قصور شہریوں پر بم برسا کر اپنی سفاکیت اور اخلاقی شکستگی کا بدترین مظاہرہ کر رہا ہے۔

اس کی درندگی اور بربریت حق و باطل کے اس معرکے میں اس کی یقینی شکست کا پیش خیمہ ہے۔ امریکہ کی کھلی پشت پناہی نے بھی دنیا پر یہ حقیقت آشکار کر دی ہے کہ امریکہ اب صرف خونریزی، جبر اور سامراجیت کا نمائندہ بن چکا ہے۔ امن، انسانی حقوق اور جمہوریت کے تمام دعوے محض فریب، جھوٹ اور مکاری ثابت ہو چکے ہیں۔ آج امریکہ کے لئے انسانی حقوق کا علًمبردار کہلانا شرم کا مقام بن چکا ہے۔

صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ نے کہا کہ دنیا کے ہر باشعور اور باضمیر انسان کو چاہیے کہ امریکی و اسرائیلی ظلم کے خلاف ایک آواز ہو کر اٹھ کھڑا ہو، اور ظلم کے اس طوفان کو ایمان، عزم اور اتحاد سے شکست دے۔ پاکستان کے حکمرانوں سے بھی ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ رسمی بیانات اور زبانی مذمتوں سے آگے بڑھ کر تمام مصلحتوں اور دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اہل فلسطین کی عملی نصرت کا آغاز کریں۔

پاکستان کے چوبیس کروڑ عوام انشاء اللہ ان کے ہر جراتمندانہ اقدام میں ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ کیونکہ ہماری اصل قوت نہ مال ہے، نہ اسلحہ، بلکہ ہمارا ایمان ہے، ہماری غیرت ایمانی ہے۔صوبائی امیر نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ جمعیت علماء اسلام اپنے ہر کارکن کو تلقین کرتی ہے کہ وہ پوری سنجیدگی، عزم اور ایثار کے ساتھ اس ملین مارچ کی کامیابی کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

تمام ضلعی، تحصیل، مقامی، یونٹ سطح کے کارکنان اور تنظیمیں اپنے علاقوں میں عوامی شعور بیداری کی مہم چلائیں، علما، مشائخ، قبائل، تاجر برادری، طلبہ، محنت کشوں اور ہر طبقہ فکر کو اس کاروانِ وفا کا حصہ بنائیں۔ قافلے منظم کریں، کارنر میٹنگز اور اجتماعات کا اہتمام کریں، مساجد کے خطبات، دروس اور محافل میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی نصرت کا جذبہ اجاگر کریں۔

تمام تعلیمی اداروں میں طلبہ کو آمادہ کریں کہ وہ اپنے ایمان کی گواہی دینے کے لئے میدان میں آئیں۔ میڈیا سیل اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ہر چینل، اخبار، ریڈیو اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس پیغام کو عام کرے کہ امت بیدار ہو چکی ہے، اور اب ظلم کا خاتمہ یقینی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مارچ صرف ایک مظاہرہ نہیں ہوگا، بلکہ ایمان، اخوت، غیرت اور حریت کا بپھرا ہوا سمندر ہوگا، جو دنیا کو یہ بتائے گا کہ فلسطین کے عوام تنہا نہیں۔

ہم اللہ پر بھروسہ رکھتے ہیں، اور جانتے ہیں کہ جو اللہ کے راستے میں ڈٹ جاتا ہے، دنیا کی کوئی طاقت اس کا راستہ نہیں روک سکتی۔اہل بلوچستان اپنی سرزمین کو 15 مئی کو کوئٹہ میں ایمان، ولولے اور وفا کے نعروں سے گونجائیں گے۔ انشاء اللہ ہماری یہ للکار دنیا کے ظالموں کے محلوں پر بجلی بن کر گرے گی اور مظلوموں کے دلوں میں امید کا چراغ روشن کرے گی۔