Live Updates

پی ایس ایل کا اب تک کا سب سے سنسنی خیز میچ

کراچی کنگز نے آخری اوور میں پشاور زلمی کو شکست دے دی

muhammad ali محمد علی پیر 21 اپریل 2025 23:50

پی ایس ایل کا اب تک کا سب سے سنسنی خیز میچ
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اپریل 2025ء ) پی ایس ایل کا اب تک کا سب سے سنسنی خیز میچ، کراچی کنگز نے آخری اوور میں پشاور زلمی کو شکست دے دی، کنگز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ڈیوڈ وارنر نصف سینچری کیساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے 11ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم 46 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ گزشتہ میچ کی طرح اس میچ کی پہلی اننگز میں بھی پچ سلو اور غیر یقینی باؤنس کے باعث بولرز فرینڈرلی رہی، اور پشاور زلمی کا کوئی کھلاڑی کھل کر بیٹنگ نہ کرسکا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پشاور زلمی کی اننگز کے دوران صرف دو ہی چھکے لگ سکے۔

(جاری ہے)

بابر اعظم کے علاوہ محمد حارث نے 28، الزاری جوزف نے 24، حسین طلعت نے 18 رنز بنائے جبکہ ان کے علاوہ اور کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی اور خوشدل شاہ نے 3، 3 جبکہ عامر جمال اور میر حمزہ نے ایک ایک وکٹ لی۔ پشاور زلمی نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور ملتان سلطانز کے خلاف جیتنے والی پلینگ الیون کو میدان میں اتارا ہے جب کہ کراچی کنگز نے بھی گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ہارنے والے اسکواڈ کے ساتھ ہی جانے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز نے ٹورنامنٹ میں اب تک 5 میچز کھیلے ہیں جن میں 3 میں کامیابی اور 2 میں شکست ہوئی ہے جب کہ پشاور زلمی نے اب تک 4 میچز کھیلیں ہیں جن میں 3 میں شکست اور ایک میں فتح نصیب ہوئی ہے۔ کراچی کنگز نے ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی جب کہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پشاور زلمی کو پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 80 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 102 رنز کے بڑے مارجن سے ہرایا جب کہ ملتان سلطانز کے خلاف زلمی کو پہلی کامیابی 120 رنز سے حاصل ہوئی تھی۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات