احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، سندھ حکومت نے مظاہرین سے سڑکیں بند نہ کرنے کی اپیل کر دی

سندھ حکومت کینال معاملے میں سندھ کے عوام کی نمائندگی کر رہی ہے،حکومت نے مختلف اوقات میں کینال منصوبے پر اپنے اعتراضات ریکارڈ کرائے ہیں، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 22 اپریل 2025 12:22

احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، سندھ حکومت نے مظاہرین سے سڑکیں بند نہ ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل 2025)سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے اپنے غصے کا اظہار ملک کو نقصان پہنچا کر نہ کریں،سندھ حکومت نے مظاہرین سے سڑکیں بند نہ کرنے کی اپیل کر دی،سندھ حکومت کینال معاملے میں سندھ کے عوام کی نمائندگی کر رہی ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مظاہرین سے بات چیت کے ذریعے مسائل کا پرامن حل نکالا جائے۔

سندھ حکومت نے مختلف اوقات میں کینال منصوبے پر اپنے اعتراضات ریکارڈ کرائے ہیں۔پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کا مقدمہ ہر فورم پر لڑے گی اور کسی بھی سطح پر مذاکرات حکومت سے حکومتی سطح پر ہی ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے مظاہرین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سڑکیں اور ریل کی پٹریاں بند نہ کریں کیونکہ اس سے صرف عام آدمی متاثر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس مسئلے پر بات چیت کیلئے تیار ہے تو یہ ایک خوش آئند قدم ہے کیونکہ مسائل کا حل صرف مکالمے اور افہام و تفہیم میں ہے۔

تمام فریقین کو چاہیے کہ سنجیدگی سے معاملے کو حل کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ نہروں کے معاملے پر سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو کئی خط لکھے۔ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا مگر اجلاس نہیں بلایا گیا۔ سندھ اپنے ماہرین لانے کو تیار ہے، وفاق اپنے ماہرین لے آئے ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

دوسری جانب دریائے سندھ پر نئی نہروں کی تعمیر کے معاملے پر سندھ بار کونسل کی کال پر کراچی بار ایسوسی ایشن نے سٹی کورٹ میں مکمل ہڑتال کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔وکلا نے سٹی کورٹ کے داخلی دروازے بند کر دئیے جس کے باعث نہ صرف سائلین بلکہ عدالتی عملہ بھی عدالت کے اندر داخل نہ ہو سکا۔وکلا کے احتجاج کے باعث ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثررہی۔سندھ بار کونسل نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے عدالتی کارروائی کا غیر معینہ مدت تک بائیکاٹ جاری رہے گا۔