پنک سکوٹی پروگرام کو خواتین کی خودمختاری اور اعتماد کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے، مینا مجید بلوچ

منگل 22 اپریل 2025 20:30

_ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2025ء) صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے طالبات کے لیے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے شروع کیے گئے پنک سکوٹی پروگرام کو خواتین کی خودمختاری اور اعتماد کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اقدامات کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کا یہ عمل صنفی مساوات کی اعلی ترین مثال ہے اور شہید بینظیر بھٹو کی جانب سے بچیوں کو یکساں مواقع کی یاد دہراتی ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ وہ کابینہ کے اراکین سے گزارش کریں گی کہ اس منصوبے کو صوبہ بھر تک بڑھایا جائے تاکہ ہر ضلع کی قابل ، ہونہار طالبات کو اپنی تعلیمی اداروں تک پہنچنے میں آسانی ہو اور بچیاں علم کی روشنی سے فیضیاب ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آج بلوچستان کی بیٹیاں روایتی رکاوٹوں کو پیچھے چھوڑ کر اعتماد کے ساتھ سڑکوں پر رواں دواں ہیں جو انتہائی خوشی اور مسرت کا مقام ہے، اور یہ سب وزیر اعلی کی سوچ، عزم اور عملی قیادت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنک سکوٹی پروگرام ایک خواب کی تعبیر ہے، وہ خواب جس میں ہر بیٹی محفوظ، بااختیار اور خودمختار ہو۔

محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف لڑکیوں کو نقل و حرکت کی سہولت دے رہا ہے بلکہ انہیں یہ پیغام بھی دے رہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے فیصلے خود لے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک بیٹی خود سے کالج، یونیورسٹی یا دفتر پہنچتی ہے تو وہ صرف منزل نہیں طے کر رہی وہ معاشرے میں اپنی جگہ بنا رہی ہوتی ہے اور بلوچستان کی روایات اسکی ہر طرح سے حفاظت کو یقینی بنا رہی ہوتی ہے۔

انہوں نے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنی بیٹیوں کو اعتماد دیں، انہیں آگے بڑھنے دیں، کیونکہ بیٹیوں کے ہاتھ میں اگر قلم اور ہنر ہو تو معاشرہ روشنی سے بھر جاتا ہے۔ محترمہ مینا بلوچ نے یقین دلایا کہ محکمہ کھیل و امور نوجوانان ہر اس منصوبے کا ساتھ دے گا جو نوجوانوں کی ترقی، تعلیم اور خودانحصاری سے جڑا ہو۔