Live Updates

عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر دائر توہین عدالت کی درخواست خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست عدم پیروی کے باعث خارج کی

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی بدھ 23 اپریل 2025 12:43

عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر دائر توہین عدالت کی درخواست خارج
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2025ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر دائر توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی۔ جسٹس راجہ انعام نے صوبائی وزیر خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی درخواست پر سماعت کی تاہم درخواست گزار کی جانب سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست عدم پیروی کے باعث خارج کی۔

عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے علی بخاری ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت نے عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت دی اور احکامات بھی جاری کیے لیکن عدالتی حکم کے باوجود جیل حکام ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے۔

(جاری ہے)

اس میں کہا گیا کہ انصاف تک رسائی کیلیے عمران خان کی وکلا اور فیملی ممبران سے ملاقات قانونی حق ہے، وکلا اور فیملی ممبران اور دوست احباب کی فہرستیں بھی مرتب کی گئیں، عمران خان سابق وزیر اعظم ہیں اور جیل ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالتی احکامات نہ ماننے پر سیکرٹری داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ جیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات