پہلگام کا واقعہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے،سمعیہ ساجد

ہمارے آبائو اجداد آج بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جھیل رہے ہیں

بدھ 23 اپریل 2025 16:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء) مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ وچیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) سمعیہ ساجد نے مقبوضہ کشمیر کے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں معصوم سیاحوں پر ہونے والے حملے کو انسانیت سوز، بزدلانہ اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے۔

سمعیہ ساجد نے اپنے بیان میں کہاکشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان سے محبت کی ہے۔ پاکستان نہ صرف عالمی سطح پر ہماری آواز بنتا ہے، بلکہ افواجِ پاکستان ہماری سرحدوں کے محافظ ہیں۔ انہی کی تائیداد کی وجہ سے ہم آج ان علاقوں میں سکون سے سانس لے پاتے ہیں۔ سمعیہ ساجد نے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاہمارے آبائو اجداد آج بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جھیل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم سے بہتر کوئی پاکستان اور افواجِ پاکستان کی قدر نہیں جان سکتا۔ پاکستان ہمارے لیے ایک محسن اور بڑا بھائی ہے۔ ہندوستانی میڈیا کی طرف سے پاکستان پر الزام تراشی نہ صرف جھوٹ ہے بلکہ کشمیری عوام کی توہین بھی ہے۔ میں ان الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔معصوم سیاحوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا نہ صرف بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، بلکہ یہ بھارت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتا ہے۔

انہوں نے اس واقعے کوانسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس وحشیانہ واقعے کی آزاد بین الاقوامی تحقیقات کروائے اور ذمہ دار عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے۔سمعیہ ساجد نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں جیسے کہ ہیومن رائٹس واچ،ایمنسٹی انٹرنیشنل،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے اور دیگر عالمی فورمز کی مسلسل خاموشی پر بھی گہری مایوسی کا اظہار کیا۔

جب کشمیر میں مظلوموں کا خون بہتا ہے تو انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش کیوں ہو جاتی ہیں کیا ان کے اصول صرف مخصوص ممالک یا مفادات تک محدود ہیں یہ خاموشی ان کی غیر جانبداری اور ساکھ پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔سمعیہ ساجد نے عالمی برادری، او آئی سی، یورپی یونین اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حقِ خودارادیت فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہاہم کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان پر ہونے والے ہر ظلم کے خلاف ہم آواز بلند کرتے رہیں گے، چاہے دنیا خاموش رہے۔