سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر دہشت گرد حملے کی مذمت ، سکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کے جانی نقصان پر اظہار افسوس

بدھ 23 اپریل 2025 17:44

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےمستونگ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ بدھ کو سپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر حملہ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں،پولیو ٹیم پر حملہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں،انسداد پولیو مہم کے ذریعے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے، حملہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پولیو ٹیم پر حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔\932