ڈی آئی جی ہزارہ ریجن ناصرمحمود ستی کی زیر صدارت ویڈیولنک کے ذریعے ضلعی پولیس افسران کےساتھ ماہانہ کرائم میٹنگ

بدھ 23 اپریل 2025 18:04

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کی زیر صدارت ویڈیولنک کے ذریعے ہزارہ کے تمام ضلعی پولیس افسران کےساتھ ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔بدھ کو منعقدہ میٹنگ میں ہزارہ ریجن کے تمام ڈی پی اوز نے شرکت کی اور اپنے اپنے ضلع کی پیشہ وارانہ کارکردگی کے حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ کو رپورٹ پیش کی۔

ڈی آئی جی ہزارہ ریجن نے تمام ضلعی پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی ) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایات کے مطابق ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید سہولیات سے آراستہ تمام اضلاع میں پولیس سہولت مراکز کا قیام جلد از جلد ممکن بنائیں، ان سہولیات مراکز کو عوام کی ضروریات کے عین مطابق بنائیں تاکہ اس سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں اور لوگوں کے درپیش مسائل اور ضروریات کو فوری طور پر حل کیا جا سکے جس سے عوام کا اپنی پولیس پر اعتماد مزید بڑھ جائے۔

(جاری ہے)

پولیس دفاتر، تھانہ جات و دیگر پولیس عمارات کی تزئین و آرائش کو مزید بہتر بنانے کیساتھ ساتھ سیکیورٹی انتظامات کو بھی مستحکم کیا جائے۔ جرائم کے کنڑول کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائیں ۔ قتل، اقدام قتل،چوری ، ڈکیتی و دیگر سنگین جرائم میں ملوث مفروران کی جلد گرفتاریاں عمل میں لاکر رپورٹ ریجنل آفس ارسال کی جائے۔ معاشرے سے جرائم کے خاتمہ اور قیام امن کو مزید بہتر بنانے کیلئے علماء کرام، پبلک لیزان کونسل اور امن کمیٹی کے عہدیداران و ممبران کیساتھ میٹنگ کا انعقاد کریں۔

تمام اضلاع میں ہفتہ وار سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کریں اور غیر قانونی اسلحہ،منشیات فروشوں، غیر قانونی کرایہ داران، سیکیورٹی کے نامناسب انتظامات اور دیگر چھوٹے بڑے جرائم میں ملوث مجرمان کیخلاف بلا تفریق قانونی کارروائی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض اضلاع میں ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوا ہے جن کی روک تھام کیلئے ٹریفک افسران کو ہدایات دیں کہ تمام اضلاع میں ٹریفک رولز کی پاسداری کو ممکن بنایا جائے غفلت و بے احتیاطی سے گاڑی چلانے والوں کےخلاف کاروائیوں کو ممکن بنائیں۔

سیاحتی سیزن شروع ہوچکا ہے دنیا بھر سے سیاح ہزارہ میں سیروتفریح کیلئے آتے ہیں آنے والے سیاحوں کےساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اگر کوئی سیاح کسی ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کرتا ہو تو اسے بہترین انداز سے سمجھایا جائے اور مناسب قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔