پاکستان میں پہلی مرتبہ ملائشین بینکنگ وفد کا میزان بینک اسلامک بینکنگ ماڈل کا جائزہ

بدھ 23 اپریل 2025 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء) ملائشیا کے ایک اعلیٰ سطحیٰ کے وفد نے میزان بینک کے کامیاب اسلامک ماڈل بینکنگ کا مشاہدہ اور مطالعہ کرنے کیلئے بینک کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے ایک اسٹریٹجک ماڈل کے طورپرکسی پاکستانی بینک کا انتخاب کیاگیا ہے جوپاکستان کیلئے ایک اہم اعزاز ہے۔

ملائشین وفد میں ملائشیا کے اہم مالیاتی اداروں کے سینئر افسران شامل تھے اور وفد نے میزان بینک کے شریعہ کمپلائنٹ پریکٹسز اور آپریشنز کا جائزہ لیا تاکہ اس کامیاب ماڈل کو اپنے ملک میں اپنایاجاسکے۔ وفد کے اس دورے سے پورے خطے کی اسلامک فنانس انڈسٹری میں میزان بینک کی پوزیشن مزیدمستحکم ہوئی ہے۔ وفد میں ایسوسی ایشن آف شریعہ ایڈوائزر ان اسلامک فنانس (ASAS)کی قیادت میں ملائشین قونصل جنرل ہرمن دیناتاکے ہمراہ ملائشیا کے کئی اہم اداروں کے نمائندے بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

میزان بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی، ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عامر علی سمیت بینک کی سینئر مینجمنٹ نے وفد کا استقبال کیا اور خطے میں اسلامک فنانس کے فروغ اور توسیع کیلئے ملائشیا کی کوششوں کو سراہا۔ پاکستان کے اسلامک بینکنگ سیکٹر میں 25فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ، میزان بینک کو اسلامک فنانس انڈسٹری میں ایک بنچ مارک کی حیثیت حاصل ہے۔

اس دورہ کے دوران ملائشین وفد کو میزان بینک کے آپریشنل فریم ورک، مختلف شریعہ کمپلائنٹ اسٹرکچر کے نفاذ اورپراڈکٹس ڈیولپمنٹ اور جدّت کے طریقہ کار کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔ وفد نے بینک کی ایگزیکٹو لیڈرشپ، ریگولیٹری اسٹیک ہولڈرز اور شریعہ اسکالرز کے ساتھ گفتگو میں میزان بینک کے اینڈ ٹو اینڈ اسلامک بینکنگ ماڈل کے بارے میں رہنمائی حاصل کی۔

خاص طورپر میزان بینک کے فنانسنگ پورٹ فولیو میں تجارت اور شراکت پر مبنی اسٹرکچرز کے بارے میں آگاہی حاصل کی جو بینک کے منفرد ماڈل کی خصوصیات ہیں۔پاکستان کے اسلامک فنانس کے مکمل منظرنامے سے روشناس کرانے کیلئے میزان بینک نے وفد کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دارلعلوم کراچی سمیت اہم اداروں کا دورہ کرایا جس سے وفد کو ملک کے ریگولیٹری ، تعلیمی اور مارکیٹ کے بارے میں آگاہی حاصل ہوئی۔

اس موقع پر ایس ایم ای بینک کے انڈیپینڈیٹ نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر داتوک احمد ہزاد بن بہارالدین نے کہاکہ میزان بینک کا دورہ یہاں کی اسلامک فنانس کمیونٹی کے ساتھ سیکھنے ، تبادلہ خیال کرنے اور تعاون کا ایک قیمتی موقع ہے۔انہوں نے کہاکہ ملائشیا کے مرکزی بینک کی قیادت میں اسلامی بینکاری کے ماڈل کے برعکس پاکستان کے نجی شعبے کی قیادت میں ایک منفرد ماڈل ایک مثال ہے اور میزان بینک کااس میں اہم کردار ہے۔

میزان بینک کی متنو ع حکمتِ عملی مشارکہ اور تجارت پر مبنی اسٹرکچرز، ملائشیا کی مارکیٹ کو توسیع دینے کیلئے بہترین ماڈل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اسلامک فنانس میں اشتراک کا فروغ چاہتے ہیں خاص طورپر سکوک کے انضمام میں وسیع مواقع موجود ہیں جس میں ملائشیا عالمی لیڈر ہے ۔ میزان بینک کا شریعہ پر مبنی مضبوط ماڈل اور پاکستان میں اسلامک فنانس کی بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے اس وسیع خطے میں اسلامک فنانس نہایت مفید ہے۔

اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عامرعلی نے کہاکہ ہم ایسے معزز اداروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں اور ملائشین اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ دورہ پاکستان اور ملائشیاکے مالیاتی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے میں مشترکہ دلچسپی کی عکاسی کرتاہے۔ ہم خاص طورپر پراڈکٹ ڈیولپمنٹ اور سکوک کے اجراء میں جوکہ روائتی فنانس کیلئے شریعہ کے مطابق اور ایتھیکل متبادل پیش کرتے ہیں ملائشین اداروں کے ساتھ مل کراسلامی بینکاری کو آگے بڑھاناچاہتے ہیں۔