وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اعلی سطح کا اجلاس،شہریوں کی سہولت کیلئے متعدد نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

بدھ 23 اپریل 2025 23:27

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں  اعلی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) اسلام آباد میں عوامی سہولت اور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے اہم ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ان منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دی گئی، جس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی، سی ڈی اے بورڈ کے اراکین، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہری ٹریفک کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے اہم منصوبے پیش کیے گئے، جن میں فیض آباد انٹرچینج کی ری ماڈلنگ اور دو اضافی لینز کی تعمیر شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کا مقصد ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا اور روزمرہ کے رش کو کم کرنا ہے۔اسی طرح فیصل چوک کے مقام پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے 2+2 لینز پر مشتمل جدید انڈر پاس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انڈر پاس کی منصوبہ بندی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے تاکہ طویل المدتی فائدے حاصل کیے جا سکیں۔پارکنگ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر بلیو ایریا میں تعمیرشدہ پارکنگ پلازے کو جلد فعال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے لیے مقامات کی جلد نشاندہی کرنے کی ہدایت دی گئی۔

بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا، جہاں کمرشل دکانیں، روف ٹاپ ریستوران، پلے لینڈ، سینما اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بلیو ایریا فوڈ سٹریٹ میں پیڈسٹرین ٹریکس، فوڈ سٹالز، شہریوں کے بیٹھنے کے لیے بینچز اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے مخصوص مقامات کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے فوڈ سٹریٹ اور پارکنگ پلازے کے لیے جدید اور قابلِ عمل بزنس ماڈل تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو ایک جدید، محفوظ اور شہری دوست دارالحکومت بنانا ہے، جہاں شہریوں کو بہتر سفری سہولتوں، پارکنگ اور تفریحی مواقع میسر آئیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے یہ فیصلے وزیراعظم کے وژن کے مطابق دارالحکومت کے شہری انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔