Live Updates

26ویں آئینی ترمیم پر پی ٹی آئی کے جو تحفظات تھے وہ درست ثابت ہو رہے ہیں

انصاف کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے، عدالتوں میں ہمارے کیسز ہی نہیں لگ رہے، بڑھتی لاقانونیت ہی کا نتیجہ ہے کہ آج ملک میں سرمایہ کاری صفر ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی وکلاء سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 23 اپریل 2025 22:07

26ویں آئینی ترمیم پر پی ٹی آئی کے جو تحفظات تھے وہ درست ثابت ہو رہے ہیں
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 23اپریل 2025ء ) سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پر پی ٹی آئی کے جو تحفظات تھے وہ درست ثابت ہو رہے ہیں، انصاف کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے، عدالتوں میں ہمارے کیسز ہی نہیں لگ رہے، بڑھتی لاقانونیت ہی کا نتیجہ ہے کہ آج ملک میں سرمایہ کاری صفر ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں وکلأ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم پر تحریک انصاف کے جو تحفظات تھے وہ درست ثابت ہو رہے ہیں۔ مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج انصاف کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔ انصاف کی فراہمی تو دور ہمارے کیس عدالتوں میں ہی نہیں لگ رہے۔

(جاری ہے)

  ملک میں آئین و قانون کی بےحرمتی عام ہو چکی ہے، عدالتی فیصلوں کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ یہ اس بڑھتی لاقانونیت ہی کا نتیجہ ہے کہ آج ملک میں سرمایہ کاری صفر ہے۔ اس حوالے سے میں نے قانونی کمیٹی اور پارلیمنٹ میں موجود سینئیر وکلاء کو کہا ہے کہ وہ ایک جامع پریس کانفرنس کریں اور بتائیں کہ 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ہمارے خدشات کیسے درست ثابت ہو رہے ہیں۔

میں نے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف، سلمان اکرم راجہ کو کہا ہے کہ میرے کارکنان، میرے خاندان اور بشریٰ بی بی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر چیف جسٹس آف پاکستان کو فوری طور پر ایک مفصل خط لکھیں۔ ان کا آئینی منصب انہیں اس ملک میں آئین و قانون کی پاسداری کا محافظ بناتا ہے۔ اس لاقانونیت پر اگر آج وہ خاموش ہیں تو کل قانون شکنی کی یہ ذمہ داری کس کے سر جائے گی؟ مجھے افسوس ہے کہ میرے پارٹی ارکان، رفقأ، وکلاء اور میرے اہل خانہ تک کو مجھ سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

بانی پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ نو مئی کے مقدمات، سیاسی مقدمات ہیں اور تحریِک انصاف سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنانے کے لئے سی سی ٹی وی فوٹیجز غائب کر دی گئی ہیں۔ میرا پہلے دن سے مطالبہ ہے کہ نو مئی سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔ تحریکِ انصاف کو کرش کرنے کے لئے ملک میں تمام اداروں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ عدلیہ، پارلیمنٹ، پولیس، ایف آئی اے سمیت تمام ادارے اپنی افادیت کھو چُکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات