آئی ایم ایف کے قرضوں کی وصولی ہمارے عوام سے کیسے کی جاسکتی ہے جبکہ یہاں ترقی کا ایک اینٹ تک نہیں رکھا گیا،پشتونخواملی عوامی پارٹی

بدھ 23 اپریل 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2025ء)آزادی صحافت پر قدغنوں کا فارم 47کی حکومت کو جواب دینا ہوگا ، 26ویں آئینی ترمیم اور پیکا ایکٹ کا سیاہ قانون اُن پارٹیوں کی مرہون منت ہے جو خود جمہور کی حکمرانی کے سلوگن پر سیاست کرتے رہے ہیں ، فارم 47کے جعلی مینڈیٹ کے پارلیمنٹ کو ملکی آئین وقوانین بنانے ،تبدیل کرنے کا آئینی وقانونی حق حاصل نہیں اور نہ ہی ملک کے عوام اور اقوام ان کے ناروا ترامیم وغیر قانونی اقدامات وپالیسیوں کو تسلیم کرینگے، SIFCکا قیام دراصل عوام کے وسائل پر ہاتھ صاف کرنا ہے ،آئی ایم ایف کے قرضوں کی وصولی ہمارے عوام سے کیسے کی جاسکتی ہے جبکہ یہاں ترقی کا ایک اینٹ تک نہیں رکھا گیا ، آئی ایم ایف کے قرضے سے ہمارے وطن میں کوئی ترقی نہیں ہوئی بلکہ ہم صرف اس قرضے کی ادائیگیوں ، مہنگائی ، بیروزگاری کے اثرات سے متاثر ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل سٹی کا اجلاس تحصیل سیکرٹری منان نصرت کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی سیاسی امور ، کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور 26اپریل کو کوئٹہ کے احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ۔

اجلاس میں سٹی تحصیل کی سطح پر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط وفعال بنانے پر زور دیا گیا اور تنظیمی امور میں غفلت برتنے پر تادیبی کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ۔ پارٹی ڈسپلن پر ہر صورت عملدرآمد پارٹی کے کارکن کا فریضہ قرار دیا گیا۔ اجلاس میںپارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ،مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال ، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز منان خان بڑیچ، صورت خان کاکڑ، منان خان بڑیچ، ملک عمر کاکڑ، حبیب الرحمن بازئی ، حفیظ خان ترین ، اقبال خان بٹے زئی ،ضلع سینئر معاون سیکرٹری سعید خان کاکڑ، ولی بریالی ، نصیر احمد کاکڑ،ضلع ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔

مقررین نے کہا کہ سٹی تحصیل میں عوام کو اس بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گیس پریشر کی کمی اور رات بھر بندش ، پینے کے صاف پانی کی قلت ، مختلف ٹیوب ویلز کی بندش وخرابی کے باعث شہریوں کا پانی سے محروم ہونے ، صفائی کے ناقص نظام کے باعث ہر علاقے میں گندگی ، تعفن، سیوریج کے پانی کا سڑکوں ،گلیوں میں بہنے جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔ بالخصوص چوری ، ڈکیتی ، بدامنی ، سٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث تو لوگ اپنے گھروں کو بحفاظت نہیں پہنچ سکتے ۔

پولیس کی گشت ، ناکوں کے باوجود شہری راستوں میں گن پوائنٹ پر جرائم پیشہ عناصر کا شکار بنتے جارہے ہیں جبکہ پولیس صرف عام شہریوں کو تنگ کرنے ، انہیں روکنے ، تلاشیوں اورغیر ضروری طور پر سوالات کرنے میں مصروف عمل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس کوئٹہ شہر میں امن وامان کے قیام اور بالخصوص جرائم پیشہ عناصر جو چوری ، ڈکیتی ، منشیات فروشی میں ملوث ہیں کا قلع قمع کرتے ہوئے شہریوں کی تحفظ اور معاشرے میں بہتری کے لیے اقدامات اٹھائیں۔