Live Updates

حافظ حسین احمد اتحاد امت کے داعی اور سیاسی حکمت عملی کے حامل تھے،رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

جمعرات 24 اپریل 2025 16:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سابق سینیٹر اور جے یو آئی کے حافظ حسین احمدؒ اتحاد امت کے بڑے داعی تھے، وہ مشکل ترین حالات میں بڑی آسانی، حکمت اور بڑے سیاسی طریقے کے ساتھ آسانیاں پیدا کرتے تھے، منصورہ میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات اور دینی جماعتوں کے درمیان قربتیں قائم ہونا بھی حافظ حسین احمدؒ کے مشن اور جذبے کا ہی شاخسانہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ کوئٹہ کے موقع پر جامعہ مطلع العلوم میں حافظ حسین احمدؒ کی وفات پر ان کے فرزند حافظ زبیر حسین احمد، ظفر حسین بلوچ اور دیگر سے تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت کے اسلامی بلوچستان کے قائدین ہدایت الرحمٰن بلوچ، مولانا عبد الحق ہاشمی، عبدالمتین اخونزادہ، مرتضیٰ خان کاکڑ، عبدالمتین اخونزادہ اور زاہد اختر بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نےکہا کہ حافظ حسین احمدؒ نے اپنی شاندار زندگی کے ساتھ اپنے دینی، سیاسی اور سماجی میدان میں بہت اعلیٰ اقدار کو پیدا کیا، طویل عرصہ بیماری کے ساتھ بڑی بردباری، استقامت اور اللہ کی تائید کے ساتھ مقابلہ کیا اور ونیا سے بہت کامیاب زندگی کے ساتھ رخصت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ طویل مدت تک دینی اتحاد، قومی و سیاسی محاذ اور بڑی تحریکوں میں ان کے ساتھ کام کیا وہ ایک خوشگوار اور بزلہ سنج انسان تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ حافظ حسین احمدؒ کے اسی مشن اور جذبے کا ہی شاخسانہ ہے کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن منصورہ تشریف لائے جہاں حافظ حسین احمدؒ کے جذبے کو دہرایا گیا ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات