پاک فوج وطن عزیز کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ نوچ لینے کی صلاحیت رکھتی ہے ،حاجی ظفر اقبال

جمعرات 24 اپریل 2025 17:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) راولپنڈی کی سماجی شخصیت حاجی ظفر اقبال نے کہا ہے کہ مودی حکومت پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان کو دھمکیاں دینا بند کرے، پاک فوج وطن عزیز کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ نوچ لینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ممبر کینٹ بورڈ حاجی ظفر اقبال نے اپنے بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خود برسوں سے دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہے اور دنیا بھر میں کہیں بھی ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے جبکہ مودی حکومت خود سب سے بڑی مذہبی دہشت گرد ہے جنہوں نے بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کا بھی جینا دو بھر کیا ہوا ہے۔

بھارت کسی وہم میں نہ رہے ،کسی بھی جارحانہ کارروائی کا ہر صورت میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا ،پوری پاکستانی قوم وطن عزیز کے دفاع کے لئے پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے،اگر بھارت نے حملہ کی غلطی کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا اور پاک فوج بھارت کو نیست و نابود کر دے گی ۔