Live Updates

پہلگام واقع افسوسناک ،فالس فلیگ آپریشنز ہندوستانی فوج کا پسندیدہ مشغلہ ہے،سردارعتیق احمد

کشمیری مزاحمت کاروں نے کبھی سول آبادی پر ہاتھ نہیں اٹھایا، ہماری جنگ ہندوستان کے لوگوں کے ساتھ نہیں ،خالصتا قابض ہندوستانی فوج کے ساتھ ہے،سابق وزیراعظم آزادکشمیر

جمعرات 24 اپریل 2025 17:35

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)آ ل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدرو سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پہلگام واقع انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے،فالس فلیگ آپریشنز ہندوستانی فوج کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔کشمیری مزاحمت کاروں نے کبھی سول آبادی پر ہاتھ نہیں اٹھایا۔ ہماری جنگ ہندوستان کے لوگوں کے ساتھ نہیں بلکہ خالصتا قابض ہندوستانی فوج کے ساتھ ہے۔

ہندوستان کو چاہیے کہ پاکستان کو بدنام اور بلیک میل کرنے سے باز رہے۔ پاکستان کا دفاع مضبوط ترین ہاتھوں میں ہے۔ ہندوستان کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہو۔ ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز مجاہد منزل راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،کشمیری عوام مسلح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

کسی بھی جارحیت کی صورت میں چپے چپے پر دفاع کیا جائے گا۔

ہندوستان اپنے اندرونی خلفشار سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسے اقدامات کئی بار کرچکا ہے۔ حالیہ واقع کا ایک مقصد وقف املاک کے قانون پر ہونے والے ردعمل سے توجہ ہٹانا ہے۔ پہلگام کا واقع ہندوستانی فوج کی بدحواسی کی علامت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اور پاکستان کے خلاف نئی بھارتی مہم جوئی دروغ گوئی پر مبنی ایک اور فالس فلیگ آپریشن اور غزہ پر اسرائیلی صیہونی ظلم سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے۔

بھارت اپنی سازش اور ناکامی کو چھپانے کے لیے پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ ایک ایسے موقع پر کررہا ہے جب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اپنی بھارتی نژاد بیوی کیساتھ بھارت کے دورے پر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حال ہی انڈیا کی جانب سے پاکستان کے علاوہ کینیڈا اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔عالمی برادری کو یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان پر الزام لگانا انڈیا کا پرانا وطیرہ ہے جس پر عالمی برادری یقین نہیں کرتی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات