Live Updates

جمہوریت کی بنیاد ووٹ کی طاقت ہے، عوامی خدمات کی فراہمی ناگزیر ہے‘ سپیکر پنجاب اسمبلی

سوشل میڈیا کو قومی بیانیے کے فروغ اور شعور کی بیداری کے لیے استعمال کیا جائے‘ ملک محمد احمد خان بھارت کے دہشت گردی الزامات بے بنیاد، پاکستان کی قربانیاں اور کردار عالمی سطح پر واضح ہیں ‘خطاب

جمعرات 24 اپریل 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کی بنیاد عوام کے ووٹ کی طاقت پر ہے اور یہ طاقت اس وقت موثر ہو سکتی ہے جب عوام کو صحت، تعلیم، روزگار، اور انصاف کی بنیادی سہولیات مہیا ہوں، پالیسی سازوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ترقی کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کریں اور ریاستی اداروں کو بہتر حکمت عملی سے مضبوط بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کی نجی یونیورسٹی میں منعقدہ بین الاقوامی جمہوریت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کو قومی بیانیے کے فروغ اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے استعمال ہونا چاہیے تاکہ معاشرے میں مثبت سوچ اور ذمہ دار رویوں کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں صرف حکومتیں نہیں بلکہ ہر فرد، ہر ادارہ اور ہر طبقہ برابر کا شریک ہوتا ہے اور ہمیں اجتماعی ذمہ داری کو تسلیم کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے ۔ افواج پاکستان ایک قابل فخر ادارہ ہے جس کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی خدمت کی تاریخ پر پوری قوم کو ناز ہے۔ہم اپنی آزادی، پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کے معاملے میں کسی بھی قسم کی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات کو بے بنیاد اور علاقائی امن کے لیے نقصان دہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ طرز سیاست کو اپنایا ہے اور بغیر کسی ثبوت کے الزامات کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کو کمزور کرنا ہے۔

انہوں نے جعفر ایکسپریس واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں اور حکمت عملی ایک مثال ہیں۔ کانفرنس میں مختلف جامعات کے اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی، اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی اور مقررین نے جمہوریت، گورننس، سوشل میڈیا، اور انسانی حقوق کے موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات