Live Updates

بلوچستان کے غیور عوام ہر محاذ پر متحد اور پرعزم ہیں اور بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی مانند کھڑے ہیں، سردار عبدالرحمن کھتیران

جمعرات 24 اپریل 2025 23:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری، قومی وقار اور سلامتی کے تحفظ کی جانب ایک نہایت بروقت، مدبرانہ اور جرات مندانہ قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے نہ صرف قومی مفادات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہیں بلکہ یہ ملک دشمن عناصر کو بھی واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان کی سرزمین کی حرمت اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

سردار عبدالرحمن کھتیران نے کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی حالات کے تناظر میں قومی سلامتی کمیٹی کا مؤقف قومی امنگوں کا عکاس ہے، جو ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کی قیادت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور ملکی سلامتی پر کسی قسم کی مصلحت یا دباؤ کو قبول نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام ہر محاذ پر متحد اور پرعزم ہیں اور بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے وطن کے تحفظ، استحکام اور خودمختاری کے لیے افواجِ پاکستان اور قومی اداروں کے شانہ بشانہ ہیں، اور ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ دشمن کو یہ پیغام دینا ضروری ہے کہ پاکستان ایک زندہ و تابندہ قوم ہے، جو اپنی سلامتی کے معاملے میں کبھی کمزوری نہیں دکھائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ افواہوں اور منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں اور قومی اداروں پر اعتماد کرتے ہوئے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات