Live Updates

اگلے سال پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں سے جس میں پہلے سلیکٹ ہوا وہ لیگ کھیلوں گا: محمد عامر کا اعلان

میں نہیں سمجھتا کہ آئندہ برس بھی دونوں لیگز متصادم ہوں گی، سابق فاسٹ بولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 25 اپریل 2025 13:05

اگلے سال پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں سے جس میں پہلے سلیکٹ ہوا وہ لیگ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 اپریل 2025ء ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستانی اور بھارتی لیگز میں انتخاب سے متعلق ایک بار پھر لب کشائی کر دی۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے پیسر سے جب ایک ٹی وی پروگرام میں پوچھا گیا کہ شیڈول متصادم ہونے کی صورت میں وہ پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں سے کس کا انتخاب کریں گے تو انہوں نے لگی لپٹی رکھنے کے بجائے کہا کہ صاف بات تو یہ ہے کہ اگر مجھے موقع ملا تو میں آئی پی ایل کھیلوں گا اور میں یہ بات سب کے سامنے کہہ رہا ہوں۔

(جاری ہے)

 
33 سالہ محمد عامر نے کہا کہ اگر مجھے اگر ایسا کوئی موقع نہیں ملتا تو پھر میں پی ایس ایل میں حصہ لوں گا، آئندہ برس تک مجھے بھارتی لیگ میں شرکت کا موقع مل سکتا ہے، اگر ایسا ہوتا ہے تو اس میں کیا مضائقہ ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ آئندہ برس بھی دونوں لیگز متصادم ہوں گی، اس بار تو چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے ایسا ہوا۔ محمد عامر نے کہا کہ اگر مجھے پہلے پی ایس ایل میں منتخب کر لیا گیا تو پھر میں دستبردار نہیں ہو سکوں گا، اگر ایسا ہوا تو پھر مجھ پر ٹورنامنٹ میں شرکت پر پابندی لگا دی جائے گی۔ 
یاد رہے کہ 2010ء میں سپاٹ فکسنگ میں ملوث رہنے والے محمد عامر اب برطانوی شہریت کے حامل ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات