Live Updates

پاکستان اور کشمیر کی حفاظت کیلئے جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے، سید یاسر علی گیلانی

جمعہ 25 اپریل 2025 18:10

مظفرآباد/کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) آزاد جموں وکشمیر گزیٹیڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر سید یاسر علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کی حفاظت کے لیے جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے، ہندوستان کو مقبوضہ جموں وکشمیر سے اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کرنا ہو گا، آزاد کشمیر کے سرکاری ملازمین اس ریاست کی معیشت کا اہم ستون ہیں، ہمارا مقصد ریاست کی پائیدار ترقی، عوام کی فلاح وبہبود اور سرکاری ملازمین کے مسائل کا حل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم کے ضلع کوٹلی کے عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی چیف آرگنائزر ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان، ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجرناصر رفیق، مرکزی سیکرٹری جنرل ارتضی قریشی، ضلعی صدر ابصار ملک، صدر کوٹلی بار ایسوسی ایشن سردار افتاب انجم ایڈووکیٹ، غیر جریدہ ملازمین کے ضلعی صدر سردار گلفراز خان، سابق ضلغی صدر چوہدری یاسر بشیر، سیکرٹری جنرل ارتضی قریشی، نو منتخب جنرل سیکرٹری انوار گورسی، ضلعی صدر غیر جریدہ سردار نازک،چوہدری خالد رشید صدر ٹیچر زایسوسی ایشن کوٹلی،ڈاکٹر عرفان اشرف کھوکھر رہنما پی ایم اے کوٹلی،ریٹائرڈ ایکسئین انجینئر فضل کریم اور سابق جنرل سیکرٹری سردار تعظیم اور دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سید یاسر گیلانی نے کہا کہ ریاست کی پائیدار ترقی کے لیے شفافیت کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ ایسے منصوبہ جات پر بجٹ خرچ کیا جائے جو دیرپا ہوں اور ان کے ثمرات زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچیں، پالیسیوں اور منصوبہ بندی میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے سے ہی پائیدار اور مساوی ترقی کا خواب پورا ہو سکتا ہے، ہم نے اپنے سروس ڈیلیوری کے نظام کو بہت بہتر بنانا ہے،عوام کے مسائل کو حل کرنا ہماری ترجیح ہونی چاہیے،آزاد کشمیر میں ایڈہاک ازم، کرنٹ چارج، انچارج، افیسشٹگ تعیناتیوں کے ذریعے نظام کو کمزور کیا جا رہا ہے،میرٹ اور درست کام کے لیے درست شخص کی تعیناتی ضروری ہے،عرصہ دراز سے آفیسران کے سلیکشن بورڈ جن میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں نہ ہونا آفیسران کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اداروں کی کارکردگی کو بھی متاثر کر رہا ہے،آزاد کشمیر میں کئی محکمہ جات میں براہ راست کوٹہ کی آسامیاں خالی ہیں جن پر فوری پبلک سروس کمیشن کے ذریعے تعیناتیاں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی پالیسیوں پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہیں لیکن ہمیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں رولز آف بزنس اور قواعد و ضوابط کا خیال رکھنا چاہیے،قانون کی عملداری، احتساب و توازن اور میرٹ کی بالادستی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،ہماری پہلی ذمہ داری یہ ہے کہ جس کام کے عوض ہم تنخواہیں لے رہے ہیں اس کو ایمانداری اور دیانتداری سے کریں،آزاد کشمیر کسی بھی برادری، علاقائی، سماجی یا گروہی تفریق کا متحمل نہیں ہو سکتا ،ہم پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیف آرگنائزر ڈاکٹرراجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا بالکل واضح ہے، ہم ریاست کے وفادار ہیں اور ریاست کے قانون پر عملدرآمد کے پابند ہیں،ہم نے جہاں اپنی عزت نفس کی حفاظت کرنی ہے وہاں ہی اپنے ساتھیوں اور آزاد کشمیر کے عوام کی عزت نفس کا خیال رکھنا ہے،ہم قانون اور قواعد کے پابند ہیں ،ہمیں جوابدہی کے حکومتی نظام کے ساتھ اس بات کو بھی مدنظر رکھنا ہو گا کہ ہماری جوابدہی آخرت میں بھی ہے،سرکاری ملازمین کو اخلاق اور کردار کے حوالہ سے رول ماڈل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کر کے پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی کوشش کی،بھارتی میڈیا ہندوستان میں نہ صرف مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کررہا ہے بلکہ وہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے،ہندوستان کی یہ بھول ہے کہ آزاد کشمیر میں تقسیم پیدا کرے گا ،آزاد کشمیر کے لوگ اور سرکاری ملازمین افواج پاکستان پر نہ صرف فخر کرتے ہیں بلکہ ان کے شانہ بشانہ ہوں گے، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہندوستان کو مقبوضہ جموں وکشمیر چھوڑنا پڑے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے گزیٹیڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر ر ناصر رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ساجد منظور کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہیں۔ انہوں نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ باڈی احسن طریقے سے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرے گی۔

انہوں نے تحریک آزادی کشمیر اور سروس ڈلیوری میں ملازمین کی تنظیموں کے کردار کو بھی سراہا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے جذبات کو دیکھنا اور قدر کرنی ہے۔ گؤرننس کے اندر جو کمیاں ہیں ان کو ختم کرنا ہے۔ صدر بار سردار آفتاب انجم نے کہا کہ سرکاری ملازمین معاشرے کی کریم ہیں اور سرکاری نوکری اعزاز کی بات ہے۔ انہوں پہلگام میں ہندوستان کے ڈرامے کی مذمت کی اور کہا کہ دفاع وطن کے لئے پوری قوم پاک فوج کیساتھ ہے۔

دیگر نومنتخب عہدیدار سنئیر نائب صدر سردار امجد رفیق،نائب صدرو چوہدری راشد محمود،چوہدری ساجد ندیم،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری فرحان کریم،جوائنٹ سیکرٹری بلال منور،سیکرٹری مالیات سردارمحمد شعیب،پریس سیکرٹری ڈاکٹر مسعود بشیر بھی موجود تھے۔ نو منتخب عہدیداران سے مرکزی صدر انجنیئر سید یاسر علی گیلانی نے حلف لیا۔ تقریب میں ٹریفک حادثے میں جانبحق ہونے والے ڈاکٹر ساجد منظور کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات