Live Updates

گورنر خیبر پختونخوا قذافی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم لاہور پہنچے

پاکستان سپر لیگ 2025 کے مقابلوں میں پشاور زلمی اور لاہور قلندر کے درمیان کرکٹ میچ دیکھا

جمعہ 25 اپریل 2025 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی جمعرات کی شام قذافی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم لاہور پہنچے اور پاکستان سپر لیگ 2025 کے مقابلوں میں پشاور زلمی اور لاہور قلندر کے درمیان کرکٹ میچ دیکھا۔رکن قومی اسمبلی نور عالم خان، پشاور سے ایم پی اے ارباب زرک خان بھی گورنرکے ہمراہ تھے،میچ کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے اسٹیڈیم میں شائقین کے جوش و خروش کو سراہا اور پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔

میچ کے اختتام پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ''پی سی بی مومنٹ آف دی میچ'' ایوارڈ پشاور زلمی کے کھلاڑی لیوک وُڈ کے سپرد کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر نے پشاور زلمی کو میچ میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہاکہ پاکستان سپر لیگ کرکٹ شائقین اور ملک میں کھیلوں کے حوالے سے دنیا کو امن کا پیغام ہے، اس وقت گراؤنڈ میں 25ہزار سے زائد شائقین کرکٹ موجود ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جس شہر کے گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں وہاں اس طرح عوام کا جم غفیر دکھائی دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ خواہش تھی کی کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز پشاور میں بھی منعقد ہوتے لیکن افسوس ہے کہ خیبر پختونخوا میں عالمی مقابلوں کیلئے کرکٹ گراؤنڈ بھی تعمیر نہیں ہو سکا. انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور وفاق سے بات کریں گے کہ پشاور میں عالمی کرکٹ مقابلوں کیلئے گراؤنڈ کی تعمیر میں مدد کریں تاکہ آئندہ سال پشاور میں بھی پی ایس ایل میچز کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات