Live Updates

مودی عالمی دہشتگرد ہے تاہم بھارت پاکستان پر حملے کی جرات نہیں کرے گا ‘رانا تنویر حسین

افواج پاکستان کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے ،ارض وطن کے چپہ چپہ کی حفاظت کرنا جانتی ہے‘وفاقی وزیر

جمعہ 25 اپریل 2025 20:10

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر حملے کی جرات نہیں کرے گا ،اگر حملہ کیا تو آخری انڈین تک نہیں بچے گا ۔گورنمنٹ علی عباس شہید ہائیر اسکنڈری اسکول مریدکے کے پرنسپل افتخار احمد اور لیگی رہنما رانا خرم رانا محمد علی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین اور پروفیشنل افواج ہیں ناقابل تسخیر ایٹمی قوت ہیں افواج پاکستان کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے ،ارض وطن کے چپہ چپہ کی حفاظت کرنا جانتی ہے ،مودی کو جب بھی سیاسی دبا آتا ہے تو اس قسم کا ڈرامہ کرتا ہے،بھارت گیدڑ بھبکیوں کی بجائے اپنی بھوک افلاس سے بلکتی عوام پر رحم کرے اور جنگ جنگ کھیلنے کی باتیں بند کرے ۔

(جاری ہے)

پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اس کی دانش مندی حکمت عملی اور صبر کی وجہ سے خطہ میں امن ہے جسے ہرگز بزدلی نہ سمجھا جائے وگرنہ دشمن پچھتائے گا ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ بہلگام حملہ کا الزام بے بنیاد جھوٹ پر مبنی ہے یہ حالات خراب کرنے کی انڈیا کی پرانی عادتوں میں سے ایک ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ انکا سیاسی سٹنٹ ہے وہ قانونی طور پر یہ معاہدہ معطل نہیں کرسکتے اگر انڈیا ایسا کرے گا تو اسے جنگ تصور کیا جائے گا ہم ایک مرتبہ پھر کہتے ہیں جنگ کسی کیلئے بھی بہتر نہیں اگر جنگ مسلط کی گئی تو دنیا دیکھے گی پاکستان کیسا جواب دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مودی عالمی دہشت گرد ہے اس کا چہرہ امریکہ کینڈا سمیت کئی ممالک میں بے نقاب ہوچکا۔وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ائیر لائن کے لیے فضائی حدود بند کرنے سے اسے اربوں کا نقصان ہو رہا ہے، پاکستان الرٹ ہے بھارت جیسا کرے گا ویسا جواب دیں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات