Live Updates

بلوچستان میں حقیقی مینڈیٹ تسلیم کرنے سے ہی عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہوگا

حکومت اور ریاست اندھی طاقت کے استعمال سے نفرتیں پیدا نہ کریں، لاپتہ افراد کی بازیابی کو ٹالنے کی بجائے حل تلاش کیا جائے، دشمنوں کیخلاف ہر اقدام کیلئے متحد اور یک جان ہے۔ نائب امیرجماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 25 اپریل 2025 20:55

لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 25 اپریل 2025ء )نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ سے کوئٹہ میں نیشنل پارٹی کے صوبائی قائدین اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین نے ملاقات کی۔ لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی کی صوبائی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کیا، اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمن، مولانا عبدالحق ہاشمی، فراست شاہ، زاہد اختر بلوچ اور ایم پی اے انجینئر عبدالمجید بادینی موجود تھے۔

کوئٹہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو صدر پریس کلب کے دفتر میں مبارکباد دی۔ اِس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی آواز ہے کہ آزادی کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ ملک دشمن بھارت کے اوچھے فسطائی ہتھکنڈوں کے مقابلہ میں پاکستانی مِلت سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔

(جاری ہے)

اختلافات، حکومت اور فورسز کے سیاسی کردار سے متعلق اختلافی آراء حقیقت ہے لیکن قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری قوم یک زبان ہے اور پوری قوم کی ایک ہی ترجیح اتحاد و اتفاق کی طاقت کیساتھ پاکستان کی حفاظت ہے۔

پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اِسی طرح حکومت فوج اور تمام سکیورٹی ادارے عوام میں کامل یکسوئی کیساتھ اعتماد کی بحالی کے لیے ہر ممکن فوری اقدامات کریں۔ یہ اہم موقع ہے کہ حکومت قومی کانفرنس بلائے اور تمام زیرِ التواء ایشوز کے حل کے ساتھ بھارتی جارحیت کے مقابلہ کے لیے قومی اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ 26 اپریل کی ہڑتال اسرائیل اور ہندوستان کی جارحیت، جنگی جرائم اور فسطائیت و نسل کشی کے خلاف زبردست مظاہرہ ہوگا۔ ملک گیر مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ثابت کردے گی کہ پاکستان کے عوام عالمِ اسلام کے اتحاد اور ملک دشمنوں کے خلاف ہر اقدام کے لیے متحد اور یک جان ہے۔
لیاقت بلوچ نے بلوچستان کے قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام محبِ وطن ہیں، حکومت اور ریاست زبردستی اور آئین و قانون سے ماورا اندھی طاقت کے استعمال سے عوام اور نوجوانوں میں نفرتیں پیدا نہ کریں۔

بلوچستان کے مسائل کے حل کیلیے آئین کی پابندی اور اِس کی روح کے مطابق نفاذ کیا جائے، آئین کے مطابق صوبوں کو حقوق اور صوبوں کے وسائل پر صوبوں کا حقِ ملکیت تسلیم کیا جائے اور خصوصاً بلوچستان میں لاپتہ افراد کی بازیابی کو ٹالنے کی بجائے حل تلاش کیا جائے۔ بلوچستان میں جعلی مینڈیٹ کی قیادت عوام پر بوجھ اور نااہل ہے۔ عوام کا حقیقی مینڈیٹ تسلیم کرنے سے ہی عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات